{AF}
کشمیری تکمیل پاکستان کی جدوجہد کررہے ہیں تحریک آزادی کشمیر در اصل تحریک پاکستان ہی کا تسلسل ہے،نورالباری {/AF}
اسلام آباد(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے قائمقام امیر نورالباری نے کہا ہے کہ کشمیری تکمیل پاکستان کی جدوجہد کررہے ہیں تحریک آزادی کشمیر در اصل تحریک پاکستان ہی کا تسلسل ہے،14اگست پوری قوم تجدید عہد کرے کہ وہ کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہے گی،مقبوضہ کشمیر کے اندر ڈوگروں کے خلاف تحریک نظریاتی بنیادوں پر جاری تھی 1931ء میں اذان کی تکمیل پر 22جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ خطے میں اسلام کا بول بالا چاہتے تھے،پاکستان بھی نظریے کی بنیاد پر معروض وجود میں آیا نظریے کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے چونکہ کشمیری بھی اسلامی نظریے کی بنیادپر پاکستان سے ملنا چاہتے ہیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے قائم مقام امیر جماعت اسلامی کے حلف کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی راجہ فاضل تبسم،صدر جے آئی یوتھ نثار احمد شائق،جمعیت اتحاد العلماء آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل مولانا منیر ضیاء سمیت دیگر قائدین موجود تھے،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نورالباری نے کہاکہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر کے اندر جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے عالمی برادری اس کا نوٹس لے،انہوں نے کہاکہ کشمیری پاکستان سے توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں نریندرمودی نے کشمیرکو ہضم کرنے کے لیے جو اقدامات کیے ہیں ان کے مقابلے کے لیے کشمیر کو بچانے کے لیے جو کام پاکستان نے کرنا تھا وہ اس سطح پر نہیں ہوا جس کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کے اندر مایوسی کا پیغام جا رہا ہے حکومت پاکستان مایوسی کے اس پیغام کو ختم کرنے کے لیے لازمی اقدامات کرے،انہوں نے کہاکہ 14اگست جشن آزادی پاکستانی قوم کو مبارک ہو لیکن حقیقی آزادی کا جشن اس وقت منایا جائے گا جب کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔