{AF}
جماعت اسلامی آزاد خطوں میں اسلامی شریعت کے نفاذ اور تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے جدوجہد کررہی ہے ،نورالباری {/AF}
راولپنڈی(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے قائمقام امیر نورالباری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی آزاد خطوں میں اسلامی شریعت کے نفاذ اور تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے جدوجہد کررہی ہے ،آزاد خطے کو اسلامی فلاحی ریاست اور اسلامی حکومت کے قیام کے لیے مصروف جہد ہے ،شریعت کی خصوصیات ان کے مقاصد اور حکمت سے عوام کو روشناس کر وا رہی ہے ،جماعت اسلامی اصلاح معاشرہ عقیدے کی درستگی اسلامی تہذیب اپنانے اور لوگوں کو اﷲ سے جوڑنے کی کوشش کررہی ہے علماء کرام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تا کہ اس کام کو مزید تیز کیا جاسکے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے علماء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،وفد میں ڈاکٹر ضمیر اختر خان،مولانا کرامت حسین،کیپٹن ذمرد چودھری،فواد بادشاہ ،حافظ تاج محمد صدیقی شامل تھے ،علماء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے نورالباری نے کہاکہ مغرب اسلام کے خاندانی نظام کو تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے مغربی تہذیب عام کی جارہی ہے نسل نو کو دین سے دور کیا جارہا ہے عقیدے کے اندر خرابیاں لائی جا رہی ہیں جماعت اسلامی عقیدے کی درستگی ،اسلامی تہذیب اپنانے اور نسل نو کو اسلام کے اعلیٰ اصولوں کے مطابق زندگیاں بسر کرنے کی دعوت دے رہی ہے ،انہوں نے کہاکہ اسلامی حکومت کے قیام کے بغیر عوام کے مسائل حل نہیں ہوسکتے اور نہ ہی وہ پورے دین پر عمل کرسکتے ہیں اس لیے جماعت اسلامی فریضہ اقامت دین کے لیے بھی سرگرم ہے ،جماعت اسلامی رائے عامہ کو منظم کر کے اسلامی تبدیلی لانے کی کوشش کررہی ہے گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں انتخابات کے ذریعے نظام تبدیل کرنے کی کوشش میں ہے انہوں نے کہاکہ علماء جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر اسلام کا بول بالا کرے ۔