{AF}
اسلام آباد کی طرف سے کشمیر کے بارے میں واضح اور دوٹوک پالیسی اور حکمت عملی کے سامنے نہ آنے سے کشمیریوں میں مایوسی پھیل رہی ہے ،نورالباری {/AF}
اسلام آباد(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے قائمقام امیر نورالباری نے کہا ہے کہ ہندوستان نے کشمیریوں کے مسلم تشخص کو ختم کرنے کے لیے جو جارحانہ پالیسی اور حکمت عملی ترتیب دی اس کے مقابلے میں کشمیریوں کو یہ توقع تھی کہ پاکستان آگے بڑھ کر اس کا توڑ کرے گا لیکن ابھی تک اسلام آباد کی طرف سے واضح اور دوٹوک پالیسی اور حکمت عملی کے سامنے نہ آنے سے کشمیریوں میں مایوسی پھیل رہی ہے ،5اگست 2019ء کے اقدامات کے بعد مقبوضہ کشمیر کے اندر ہندوستان نے جماعت اسلامی کو فوکس کر کے ظلم کی انتہا کی ہے ،جماعت اسلامی کی قیادت سے لے کر کارکن تک گرفتار ہیں 5ہزار سے زائد کارکنان کو جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے جہاں وہ اذیتوں کا سامنا کررہے ہیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے ڈائریکٹر امور خارجہ غلام نبی نوشہری اور ثناء اﷲ ڈار سے مرکز جماعت میں ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزادکشمیر راجہ فاضل تبسم بھی موجود تھے اس موقع پر غلام نبی نوشہری نے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے قائمقام امیر کو آگاہ کیا ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نورالباری نے کہا کہ ہندوستان کشمیر میں مسلم اکثریتی آبادی کو اقلیت میں بدلنے کے لیے اسرائیل طرز کے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے ہندوؤں کو لاکھوں کی تعداد میں مقبوضہ کشمیرمیں لا کر آباد کیا جا رہا ہے 1927ء سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو جو حقوق حاصل تھے وہ ختم کر دئیے گے اب کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ کا کوئی اہتمام نہیں ہے انہوں نے کہاکہ ہندو نواز قیادت نے بھی ہندوستان کے ان اقدامات کی مخالفت کی ہے کشمیریوں نے ان ساری مسائل ومشکلات کے باوجود ہندوستان کے قبضے کو نہ قبول کیا ہے نہ کریں گے انہوں نے کہاکہ ہندوستان کے ان اقدامات کے خلاف کشمیریوں کو توقع تھی کہ پاکستان کی قیادت اور حکومت جارحانہ پالیسی بنائے گی لیکن اس طرح کی کوئی پالیسی نظر نہیں آئی ہندوستان اقوام متحدہ کے کنونشنز اور انسانی حقوق کے کنونشنز کی کھلی خلاف ورزی کررہا ہے ہونا چاہیے تھا کہ حکومت پاکستان مطالبہ کرتی کہ اقوام متحدہ کا مبصر مقبوضہ کشمیر میں تعینات کیا جائے تا کہ وہ خود ہندوستان کی ریاستی اور آئینی دہشت گردی کا مشاہدہ کرتا ،انہوں نے کہاکہ عالمی سطح پرسفارتی اور انسانی حقوق کے محاذ پر مہم چلا کر ہندوستان کے خلاف دباؤ بڑھایا جاسکتا تھا پارلیمانی سفارتی وفود دنیا بھر میں بھیج کر دنیا کو کشمیر میں مداخلت پر آمادہ کیا جاسکتا تھا جس طرح یوگو سلاویہ ،سربیہ سمیت دیگر ریاستوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر فوجی مداخلت کی گئی اسی طرز کی مداخلت یہاں بھی ہونا چاہیے تھی انہوں نے کہاکہ 5اگست کے بعد حکومت پاکستان سفارتی ایمرجنسی لگاتی لیکن ہماری سفارتی پالیسی اور حکمت عملی سست روی کا شکار رہی جس کا اعتراف وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق نے کیا ہے ،انہوں نے کہاکہ اس وقت ہندوستان کا گارڈ فادر امریکہ ہے افغانستان کے انخلاء کو کشمیر کے ساتھ ملا کر امریکہ کو مجبور کیا جا سکتا تھا کہ وہ کردار ادا کرے ،انہوں نے کہاکہ قائد اعظم نے بیماری کے باوجود اعلان کیا کہ ہندوستان کی جارحیت کے خلاف فوج کو حکم دیا کہ وہ کشمیر میں مداخلت کرے کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں تحریک آزادی کشمیر در اصل تحریک تکمیل پاکستان ہے کشمیر کی آزادی پاکستان کی سلامتی کی ضامن ہے انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن ہے عالمی سطح پر کشمیریوں کے لیے ریلیف کا اہتمام کیا جانا ضروری ہے ۔