{AF}
کشمیری اپنی جانوں سے زیادہ پاکستان سے محبت اس کے دفاع اور عسکری طاقت کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں،نورالباری {/AF}
اسلام آباد(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے قائمقام امیر نورالباری نے کہا ہے کہ کشمیری اپنی جانوں سے زیادہ پاکستان سے محبت اس کے دفاع اور عسکری طاقت کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔1965 کے جرأت مند فرزندوں، شہیدوں، مجاہدوں کی بہادری اور حب الوطنی کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے ملک کی سا لمیت و حفاظت کے لیے اپنی جانیں بلند حوصلہ کے ساتھ پاکستان کے آنے والے کل کے لیے قربان کر دی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ 6 ستمبر 1965ء کا دن عسکری اعتبار سے یارگار اور قابلِ فخردن ہے جب کئی گنا بڑے ملک نے افرادی تعداد میں کئی گنا زیادہ لشکر اور دفاعی وسائل کے ساتھ اپنے چھوٹے سے پڑوسی ملک پر ناپاک عزائم کے تحت کسی اعلان کے بغیر رات کے اندھیرے میں چڑھائی کر دی۔ جسے ایک چھوٹے مگر غیور اور متحد ملک نے پامردی اور جانثاری اور بے مثال اتحاد سے مقابلہ کر کے خاک میں ملا دیا۔ 1965ء کی ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والی اس جنگ میں ثابت ہوا کہ جنگیں ریاستی عوام اور فوج متحد ہو کر ہی لڑتی اور جیت سکتی ہیں۔ 1965 میں قوم کی اپنے ملک سے محبت اور مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت اورجانثاری کے جرأت مندانہ جذبے نے مل کر نا ممکن کو ممکن بنا کر دکھایا۔ طاقت کے نشے میں ایک آزاد ملک کی آزادی سلب کرنے کی ہندوستان کی یہ ناپاک جسارت پاکستانی قوم کے ریاستی نصب العین دوقومی نظریہ،قومی اتحاد اور حب الوطنی کو بہت بڑا چیلنج تھاجسے جری قوم نے کمال و قار اور بے مثال جذبہ حریت سے قبول کیا اور لازوال قربانیوں کی مثال پیش کر کے زندہ قوم ہونے کاثبوت دیا،آج بھی اسی جذبے کی ضرورت ہے کیونکہ دشمن آج بھی وہی عزائم رکھتا ہے۔ پاکستان کی فوج اور حکومت یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ دشمن کے قبضے سے اپنی شہ رگ کو چھڑوانا بڑی اہم ذمہ داری ہے جو مسئلہ کشمیر کے اہم فریق اور کشمیریوں کے وکیل کی حیثیت سے پاکستان کے سر پر ہے اب وقت آ گیا ہے مقبوضہ کشمیر پرہندوستان کے ناجائز اور جابرانہ تسلط کے خاتمے کے لئے ریاست سطح پر اعلان جہاد کیا جائے۔ مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں کشمیر کی شناخت مٹائی اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لئے ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی زوروں پر ہے، حکمرانوں کو اب آنکھیں کھول لینی چاہئیں۔ سفارتکاری،عسکری اور ہر محاذ پر قائداعظم کی اختیار کی گئی پرو ایکٹو پالیسی اور حکمت عملی اختیارکرنے کا وقت آ گیا ہے۔قائد اعظم کے پیغام اور پالیسی پر عمل کا تقاضا بھی ستمبر کے مہینے کا پیغام ہے۔یہ امتحان بھی ہے اور عہد بھی اس امتحان میں کامیابی کے لئے آگے بڑھ کر کوشش اور اس عہد کی پاسداری کی ضرورت ہے اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔