{AF}
نریندرمودی نے مقبوضہ کشمیر کے اندر سفاکیت کی تمام حدیں پار کر لیں،ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}
راولاکوٹ(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ نریندرمودی نے مقبوضہ کشمیر کے اندر سفاکیت کی تمام حدیں پار کر لیں،مقبوضہ کشمیر کے علاقے سوپور میں بشیر احمد کے سفاکانہ قتل اور نانا کی لاش پر بیٹھے معصوم نواسے کی بے بسی نے پوری دنیا کے دل ہلا کر رکھ دئیے یہ سانحہ پوری انسانیت کے منہ پر طمانچہ ہے ،ہزاروں کشمیری بچوں کی طرح یہ معصوم بھی کشمیر کی آزادی کا چراغ ثابت ہو گا ،عالمی برادری نے خاموشی کا روزہ نہ توڑا تو دنیا ایٹمی جنگ سے نہیں بچ سکتی ،ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ 5اگست کے بعد مقبوضہ کشمیر کے اندر روزانہ قیامتیں برپاکی جا رہی ہیں کشمیریوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا جا رہا ہے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کشمیریوں کو سہولیات فراہم نہیں کی جارہی انہوں نے عالمی برادری ،اقوام متحدہ اور او آئی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کے خلاف کارروائی کرے ،ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بھارت کے خلاف قرار داد پاس کر کے فوجی مداخلت کرے ،انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر اور مہاجرین اب زیادہ دیر لاتعلق نہیں رہ سکتے مظالم کی انتہا کی جارہی ہے مودی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے ہندوؤں کی آبادی کررہا ہے فوجیوں کو ڈومیسائل فراہم کیے جارہے ہیں جو اقوام متحدہ کے قرار دادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان فیصلہ کن کردار ادا کرے ۔