{AF}
آزاد حکومت بجٹ میں تحریک آزادی کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے ریلیف فنڈ مختص کرے،عبدالرشید ترابی {/AF}
مظفرآباد(پ ر) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل و چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے قانون ساز اسمبلی کے بجٹ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد حکومت بجٹ میں تحریک آزادی کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے ریلیف فنڈ مختص کرے یہ بیس کیمپ کا بجٹ اور تحریک آزادی کی بنیاد ہے اس سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حوصلے کا پیغام جائے گا،13ویں آئینی ترمیم کے نتیجے میں آزاد حکومت با وسائل اور با اختیار ہوئی آزادکشمیر کی ساری سیاسی جماعتوں کے قائدین کی طویل مشاورت سے قانون سازی ہوئی کشمیر کونسل کا مالیاتی اختیار ختم ہوا اب 14ویں آئینی ترمیم قابل قبول نہیں ہوگی جو آزاد خطے کے عوام کے وقار اور اختیار کو کمزور کرنے کا باعث بنے،ہندوستان کے 5اگست کے اقدامات کے بعد آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کوآئینی اور مالی اختیارات دئیے جائیں جس سے ہندوستان کی سازش کا توڑ کیا جائے،آزاد حکومت کو مزید باوسائل بنانے کے لیے پن بجلی منصوبہ جات برؤے کار لائے جائیں آزادکشمیر اس وقت 9ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اس وقت 2500میگاواٹ بجلی آزاد خطے سے پیدا کی جارہی ہے جبکہ350میگاواٹ بجلی خطے کی ضرورت ہے حکومت آزاد خطے کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے اور ایک سال کے اندر وہ علاقے جہاں ابھی تک بجلی نہیں وہاں تک 100فیصد بجلی پہنچانے کا اہتمام کرے،ان خیالات کااظہار انہوں نے قانون ساز اسمبلی کے بجٹ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ آزادجموں وکشمیر بینک کو شیڈو بینک بنا کر غیر سودی بینکاری کی جائے جامع حکمت عملی تشکیل دی جائے تا کہ تارکین وطن کے اربوں ڈالر جو بیرون ممالک ہیں وہ یہاں بھیجنے کے لیے تیار ہیں تا کہ ریاست خودکفالت کی جانب گامزن ہو اور روزگار کے مواقع میسر آئیں،انہوں نے کہاکہ آزاد خطے کے لاکھوں پڑھے لکھے نوجوان جو بے روزگار ہیں ان کے باعزت روزگار اور انہیں ہنر مند بنانے کے لیے آزادکشمیر میں جو قومی بینکوں کی شاخیں جو سالانہ اربوں روپے منافع کما رہے ہیں ان کی وساطت سے آئی ٹی اور ووکیشنل ٹریننگ سینٹر قائم کیے جائیں،نوجوانوں کو بلا سود قرض فراہم کیا جائے،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ تعلیم کے شعبہ میں NTSاور PSCکی کارکردگی لائق تحسین ہے اس پراسس کو آگے بڑھایا جائے تاکہ پڑھے لکھے با صلاحیت نوجوان ملازمت سے مستفید ہوسکیں،آزادکشمیر کی جامعات اور میڈیکل کالجز کو پابند کیا جائے کہ وہ فیسوں میں کمی کریں ان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے حکومت انہیں گرانٹ فراہم کرے،انہوں نے کہاکہ پرائیویٹ تعلیمی ادارے جو 50فیصد سے زائد حکومت کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہیں ریڈ فاؤنڈیشن میں سوالاکھ طلبہ وطالبات زیر تعلیم ہیں 10ہزار سے زائد یتیم بچوں کی کفالت کا اہتمام کررہی ہے ہزاروں نوجوانوں کو روزگار فراہم کررہی ہے حکومت انہیں اپنا حریف سمجھنے کی بجائے اپنا پارٹنر سمجھ کر مسائل حل کرے رجسٹریشن فیسوں میں رعایت دی جائے کورونا وباء کی مد میں معقول امداد کی جائے تا کہ یہ نظام بحران کا شکار نہ ہو،انہوں نے کہاکہ آزاد خطہ قدرتی حسن سے مالامال ہے سیاحت کو انڈسٹری کا درجہ دیا جائے کاروباری شخصیات کو غیرسودی قرض دیا جائے تا کہ اس سے سیاحت میں اضافہ ہو،انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کے لیے گاؤں کی سطح پر کھیلوں کے میدان اور سپورٹس کلب قائم کیے جائیں تاکہ مثبت سرگرمیوں کا فروغ ہو،انہوں نے کہاکہ آئی ٹی اہم شعبہ ہے ہمارے پڑھے لکھے نوجوان آن لائن تعلیم پر انحصار کر رہے جبکہ آزادکشمیر میں انٹرنیٹ کی سروس بہت کمزور ہے طلبہ کی آن لائن کلاسز ہو رہی ہیں جس پر وہ سراپا احتجاج ہیں حکومت ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کو پابند کرے کہ وہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں 4Gسروس فراہم کرے تا کہ نوجوان اپنی تعلیم حاصل کرسکیں اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کی وساطت سے روزگار کا اہتمام ہو سکے،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ ڈاکٹرز،انجینئرز،اساتذہ جو احتجاج کررہے ہیں ان کے مسائل حل کیے جائیں اور پاکستان میں صوبوں کی سطح پر جو پروفیشنل سہولیات ہیں اس کا اہتمام کیا جائے،شعبہ صحت میں وسائل بڑھائے جائیں بنیادی علاج معالجے کی سہولت یقینی بنائی جائے ہسپتالوں میں ٹیکنیکل سٹاف کی کمی کو پورا کیا جائے ہر گاؤں کی سطح پر فرسٹ ایڈ اور LHVمرکز کا اہتمام کیا جائے تا کہ بیماریوں کا علاج ممکن ہو،انہوں نے کہاکہ زلزلہ2005سے متاثرہ سینکڑوں سکول اپنی تک تعمیر نہیں ہو سکے انہیں کریش پروگرام کے تحت مکمل کیا جائے ترقیاتی بجٹ سے وسائل منتقل کیے جائیں یا حکومت پاکستان سے اضافی گرانٹ لی جائے متاثرین زلزلہ کے56ارب روپے کی واپسی کا اہتمام کیا جائے،زلزلہ کے موقع پر آزادکشمیر میں بڑی تعداد میں لوگ معذور ی کی زندگی گزار رہے ہیں ان کے لیے کوٹہ مختص کیا جائے اور انہیں ملازمتوں میں کوٹے کے مطابق ایڈجسٹ کیا جائے،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو باہم مربوط کرنے کے لیے دیرینہ منصوبہ استور اور کیل کو ملانے والی شاہراہ شونٹر پر ٹنل تعمیر کرنے کے لیے حکومت پاکستان کو تحریک کی جائے کہ اس کے لیے بجٹ میں معقول رقم مختص کی جائے،آزاد حکومت گلگت بلتستان میں حالیہ زلزلہ سے متاثرین کے لیے خیر سگالی امدادی پیکج کا اعلان کرے،انہوں نے کہاکہ حکومت اپنے وعدے کے مطابق بشارت شہید اور گھوڑی روڈ کو بجٹ میں شامل کرے بین اضلاع شاہرات جو ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ان کی مرمت کے لیے بجٹ مختص کیا جائے،باغ میں کشمیر کونسل کے جاری منصوبہ جات کو مکمل کیا جائے،ناپرا بیس بگلہ،باغ سے چیڑان سدھن گلی روڈ،داڑا کورٹ،کفل گڑھ روڈ،سلاخی،مخدوم کورٹ اور جنوبی باغ میں زیر کارمنصوبے کو مکمل کیا جائے،ہاڑی گہل کفل گڑھ کی کروڑوں روپے کی واٹر سپلائی سکیم کو مکمل کیا جائے،جماعت اسلامی آزادکشمیر نے اس سارے عرصے میں حکومت کے ہر اچھے اقدام کی تائید کی 13ویں آئینی ترمیم ہو،شریعت اپیلٹ بینج،ختم نبوت ؐ قرآن فہمی کی تعلیم اسمبلی میں قانون سازی میں بھرپور حصہ لیا جماعت اسلامی ریاست کی وحدت کی علامت ہے مقبوضہ کشمیر میں لازوال قربانیاں تاریخ کا حصہ ہیں اسی کی وجہ سے ہندوستان نے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر امیر جماعت اسلامی عبدالحمید فیاض سمیت جماعت اسلامی کے سرگرم5ہزار کارکنان کو جیلوں میں قید کر رکھا اور جماعت پر پابندی عائد کررکھی ہے سید علی گیلانی،سید صلاح الدین،اشرف صحرائی،برہان وانی،ریاض بائیکو سمیت ہزاروں ہیرواسی گلستان کے پھول ہیں جماعت اسلامی نے قومی ذمہ داری ادا کی تعلیم،صحت،ریلیف کے میدان میں گران قدر خدمات سر انجام دی ہیں،آزادکشمیر میں ہزاروں یتیم بچوں کی کفالت کا اہتمام کیا جارہا ہے بے سہارا خاندانوں کی کفالت پر کروڑوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں آزادکشمیر،گلگت بلتستان اور مقبوضہ کشمیر میں جماعتی خدمات کے شایان شان تقویت کے لیے تجاویز کو پذیرائی دی جائے ترقیاتی فنڈز اور دیگر امور میں کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں،انہوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر تارکین وطن نے گراں قدر خدمات سر انجام دیں انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں صدر ریاست،وزیر اعظم اور اسمبلی نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا،بین الاقوامی سطح پر برطانیہ،یورپ،ملائیشیا،ترکی،سعودی عرب میں کشمیر کاز کو اجاگر کرنے کے لیے کانفرنسز،سیمینار ز اور اہل دانش سے میں نے ملاقاتیں کیں اور انہیں مسئلہ کشمیر کی تازہ صورت حال سے آگاہ کیا،انہو ں نے کہاکہ لداخ میں چین سے پسپائی اختیار کرنے کے بعد ہندوستان بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر سیز فائر لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کررہا ہے ہندوستان کے اندر مسلمانوں کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک اور اپنے ہمسائیہ ممالک نیپال،بنگلہ دیش چین کے ساتھ تعلقات ساری دنیا کے سامنے عیاں ہیں ہندوستان دنیا میں نشان عبرت بن چکا OICکے کشمیر رابطہ گروپ کی قرارداد کشمیریوں کے موقف کی تائید ہے ہندوستان ساری دنیا میں بے نقاب ہو رہا ہے ہندوستان کی سیاسی اورعسکری قیادت کے بیانات اور خطرناک عزائم کے توڑ کے لیے کشمیری قیادت کو آپس میں یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک موقف پر اگھٹا ہونے کی ضرورت ہے 5اگست کے ہندوستانی اقدام کے بعد جو کشمیری ریاست کی وحدت کے لیے بات کررہے ہیں ایک پلیٹ فارم پر لایا جائے نوجوانوں کی تربیت کا اہتمام کیا جائے،شہری دفاع اور این سی سی تربیت کا اہتمام کیا جائے تحریک آزادی کشمیر اس وقت فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے فتح حق کی ہو گی۔