{AF}
تارکین وطن نے ہندوستان کے نام نہاد جمہوری اور سیکولر چہرے کو پوری دنیا میں بے نقاب کردیا ،ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}
راولاکوٹ(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ تارکین وطن نے ہندوستان کے نام نہاد جمہوری اور سیکولر چہرے کو پوری دنیا میں بے نقاب کردیا ،کشمیری کمیونٹی نے مسئلہ کشمیر کی عالمی سطح پر حقیقی ترجمانی اور سفیر ہونے کا حق ادا کیا ،پوری کشمیری قوم تارکین وطن کی ان کوششوں اور کاوشوں کی تحسین کرتی ہے ،حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران اہل وطن نے جس جذبے خلوص اور اپنائیت سے پروگرامات کا انعقاد کروایا اور کشمیر کانفرنسز منعقد کیں وہ قابل تحسین ہیں ،کشمیرکی آزادی اور بیس کیمپ کی خوشحالی کے لیے تارکین وطن کا کردار قابل رشک ہے ،جماعت اسلامی تارکین وطن کو یہ یقین دلاتی ہے کہ وہ کشمیر کی آزادی اور بیس کیمپ کی خوشحالی تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ،ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے دورہ سعودی عرب سے واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،دورہ سعودی عرب کے دوران ڈاکٹر خالد محمود خان نے سعودی عرب کے مختلف شہروں میں استقبالیہ تقاریب،کشمیر کانفرنسز سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ پردیس کی زندگی کسی آزمائش سے کم نہیں روزگار کی تلاش میں ہمارے باصلاحیت نوجوان کئی سالوں سے اپنوں سے دور پردیس کی زندگی گزار رہے ہیں ہمارے حکمرانوں کی بے حسی اور عدم توجہی سے ہزاروں کشمیری نوجوان بیرون ملک سفر کرنے پ مجبور ہیں انہوں نے کہاکہ ریاست کے آزاد خطے ہر طرح کی دولت سے مالا مال ہیں لیکن قیادت کی درست حکمت عملی نہ ہونے کے باعث ہم مسائل کا شکار ہیں آزاد ریاست کے آزاد خطوں کے وسائل درست ہاتھوں میں ہوں اور صحیح سمت لگیں تو یہ خطہ ترقی میں یورپ کو مات دے سکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ امت کو اس وقت جن چیلنجز کا سامنا ہے ان میں سب سے بڑا چیلنج قیادت کا فقدان ہے امت مسلمہ کے پاس جب حقیقی قیادت آجائے گی تو یہ امت پوری دنیا کے لیے مشعل راہ بن جائے گی انہوں نے کہاکہ اسلامی تحریکیں دنیا کے ہرکونے میں دین کے غلبے کی جدوجہد کررہی ہیں آزادخطوں کے اندر بھی جماعت اسلامی حقیقی تبدیلی کے لیے مصروف جہد ہے ۔