{AF}
نریندرمودی ٹرمپ سے ہندوستان کو نہیں بچا سکتے،مودی کے انتہا پسندانہ اقدامات نے پورے ہندوستان میں آگ بھڑکادی ہے ،عبدالرشید ترابی {/AF}
اسلام آباد(پ ر) جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر و چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہاہے کہ نریندرمودی ٹرمپ سے ہندوستان کو نہیں بچا سکتے،مودی کے انتہا پسندانہ اقدامات نے پورے ہندوستان میں آگ بھڑکادی ہے ،مودی مستند عالمی دہشت گرد ہیں ان کی پالیسیوں کی وجہ سے پوری دنیا کے امن کو خطرہ لاحق ہو چکا ہے ،کشمیری آزادی کے لیے پرعزم ہیں کشمیر کی آزادی ہندوستان میں درجنوں ریاستوں کی آزادی کا عنوان بنے گی ،ساڑھے چھ ماہ سے لاک ڈاؤن کے باوجود کشمیری سرنڈر کرنے کے لیے تیار نہیں ایسی قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا ،ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ ہندوستان کا نام نہاد سیکولر اور جمہوری چہرہ پوری دنیا میں بے نقاب ہو چکا ہے دنیا کا ہر فورم ،پارلیمنٹس،انسانی حقوق کے ادارے،زندہ ضمیر لوگ ہندوستان کے ان اقدامات کی نہ صرف مذمت کررہے ہیں بلکہ کشمیریوں کی حمایت کررہے ہیں ،عالمی سطح پر اس موافق فضا سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے حکومت پاکستان سفارتی مشنز کو متحرک کرے جارحانہ سفارتی مہم چلائے ،وزیر اعظم پاکستان خود اہم دارلحکومتوں کا دورہ کریں ہندوستان کو کٹہرے میں کھڑا کر کے سلامتی کونسل میں قرارداد پاس کروا کر ہندوستان کے خلاف فوجی مداخلت کا اہتمام کیا جائے ،ہندوستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے چیپٹر 7کے مطابق کارروائی کے لیے فٹ کیس ہے ،ہندوستان جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے بڑے پیمانے پر انسانی حقوق پامال کررہا ہے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو ماننے سے انکار کررہا ہے ایسے ملک کے خلاف اقتصادی پابندیاں لگائی جانی چاہیں اور اس کے خلاف فوجی مداخلت ہونی چاہیے ہندوستان پوری دنیا کے امن کو تباہ کرنے کی راہ پر چل نکلا ہے ہندوستان کے اندر مسلمانوں سمیت دیگر اقلیات کا قتل عام کیا جارہا ہے لوگوں کو جبراً ہندو بننے پر مجبور کیا جارہا ہے مساجد اور چرچ گرانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہندوستان کی ان خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور اس کے خلاف کارروائی کریں ۔