{AF}
وفاقی حکومت ضلع استور میں زلزلہ سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے فوری اقدامات کرے ،مشتاق ایڈووکیٹ{/AF}
اسلام آباد ( پ ر) جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے امیر و سابق وزیر قانون مشتاق ایڈووکیٹ نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت ضلع استور میں زلزلہ سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے فوری اقدامات کرے ،شدید سردی کی وجہ سے متاثرین مشکلات کا شکار ،فی متاثر کے لیے حکومت کم از کم 5لاکھ فوری امداد کا اہتمام کرے ،آزاد کشمیر حکومت بھی اس موقع پر متاثرین کی امدادمیں حصہ ڈالے تا کہ یہاں کے لوگ بھی مشکل کی گھڑی میں خود کو تنہا محسوس نہ کریں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کے سابق وزیر نصیر خان کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،وفد میں پیپلز پارٹی کے راہنما شمس الدین شامل تھے ،جماعت اسلامی کی طرف سے مولانا عبدالسمیع اور دیگر قائدین بھی موجود تھے ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین متاثرین زلزلہ کمیٹی و امیر جماعت اسلامی مشتا ق ایڈووکیٹ نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ گلگت بلتستان کی حکومت ایرا کے ذمہ داران اور وفاقی حکومت کو متوجہ کیا جائے کہ وہ متاثرین کے لیے بڑے پیکج کا اعلان کرے ،ہزاروں لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں ان کی فوری امداد کی ضرورت ہے ،انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان حکومت بھی اس موقع پر آگے بڑھ کر اپنا بھرپور حصہ ڈالے انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت اس موقع پر بڑے پیکج کا اعلان کرے تا کہ لوگوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ تعلیم صحت اور شاہرات کے منصوبے بھی پائیہ تکمیل تک پہنچ سکیں زلزلے کی وجہ سے شاہرات ،ہسپتال اور سکولز بڑے پیمانے پر تباہی کا شکار ہوئے ہیں انہوں نے کہاکہ جس پیمانے پر نقصان ہوا ہے میڈیا نے اس نے اس کی کوریج نہیں کی جس کی وجہ سے رضاکارانہ طور پر امداد کرنے والے لوگ بھی متوجہ نہ ہوسکے اور حکومتوں نے بھی اپنے حصے کا کردار ادا نہیں کیا جس کی وجہ سے یہاں مسائل ہیں جماعت اسلامی اور اس کے اداروں نے کوشش کی ہے کہ وہ لوگوں کی امداد کی ہے اور کوشش کررہی ہے اور متاثرین کی بحالی تک ان کے شانہ بشانہ رہے گی ۔