{AF}
نریندرمودی نے ہندوستان کے انجام کا آغاز کر دیا ہے ،دہلی کے عوام نے بی جے پی کو مسترد کردیا ،عبدالرشید ترابی {/AF}
لاہور( پ ر) جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر و چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ نریندرمودی نے ہندوستان کے انجام کا آغاز کر دیا ہے ،پورا ہندوستان مقبوضہ کشمیر بنا ہوا ہے ،دہلی کے عوام نے بی جے پی کو مسترد کردیا ،زندہ دلان لاہور کشمیر کی آزادی کی اس تحریک کے فیصلہ کن مرحلے پر بھرپور کردار ادا کریں ،پاکستان کی جامعات میں زیر تعلیم لاکھوں نوجوان سوشل میڈیا کے ذریعے ہندوستان کے مظالم سے دنیا کو آگاہ کریں ،حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کے حتمی حل کے لیے فیصلہ کن روڈ میپ تیار کر کے اس پر عمل درآمد شروع کرے ،مسئلہ کشمیر فلش پوائنٹ بن چکا اب آزادی کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ،کشمیریوں نے ثابت کردیا ہے کہ وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے ،مودی کے تمام استعماری ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری آزادی کے لیے پرعزم ہیں جو فتح کا عنوان ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے یونیورسٹی آف لاہور کے زیر اہتمام کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ ہندوستان کے اندر کئی نئی آزاد ریاستیں ظہور پذیر ہو رہی ہیں برہمن سامراج نے ظلم کی انتہا کر کے کروڑوں لوگوں کو ہندوستان سے بیزار اور آزاد ہونے پر مجبور کردیا ہے نریندرمودی کے اقدامات نے مقبوضہ کشمیر کے اندر بھی ان لوگوں کو حریت پسندوں کے ساتھ شامل کر لیا ہے جو ہندوستان کے گیت گاتے تھے ،اس وقت پورے مقبوضہ کشمیر کے اندر ہندوستان کو ایک بھی کشمیری نہیں مل رہا جو اس کی حمایت کرے انہوں نے کہاکہ اہل کشمیر پاکستان کی ریاست حکومت اور عوام سے توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں پاکستان کے نوجوان آگے بڑھ کر کشمیرکی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کریں ،پاکستانی قوم نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے حقیقی پشتیبانی کا کردار ادا کیا ہے حکومت سے ہمیں گلہ ہے حکومت مشاورت سے متفقہ اور قومی کشمیر پالیسی تشکیل دے جس طرح دہشت گردی کے خلاف ٹاسک فورس قائم کر کے اس کو قومی سلامتی کا مسئلہ قراردے کر متحد و متفق ہو کر کام کیا اسی طرح کشمیر کو بھی پاکستان کی قومی سلا متی کا مسئلہ قرار دے کر ایسی ٹاسک فور س قائم کی جائے جو آزادی کے لیے عملی اقدامات تجویز کرنے کے ساتھ ساتھ عمل درآمد کو یقینی بنائے ۔اس موقع پر انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان قائد اعظم کی کشمیر پالیسی کا احیاء کرے پاک فوج کے پاس قائد اعظم کے سٹینڈنگ آرڈرز موجود ہیں ان پر عمل درآمد کیا جائے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہو گی اس وقت ہندوستان کا جمہوری اور سیکولر چہرہ پوری دنیا میں بے نقاب ہو چکا ہے کشمیری اور پاکستانی تارکین وطن بھرپور انداز سے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کررہے ہیں اس فضا سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ۔