{AF}
امریکی صدر ڈونلڈنٹ ٹرمپ کی طرف سے القدس کو اسرائیلی دارلحکومت قراردینا باعث تشویش ہے:جماعت اسلامی آزادکشمیر{/AF}
امریکی صدر ڈونلڈنٹ ٹرمپ کی طرف سے القدس کو اسرائیلی دارلحکومت قراردینا باعث تشویش ہے:جماعت اسلامی آزادکشمیر اسلام آباد( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کی مرکزی مجلس شوریٰ میں متفقہ طور پر قرارداد پاس ہوئی جس میں لکھا گیا کہ یہ اجلاس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت اور غرب اردن پر اسرائیلی قبضے کو جائز قرار دیتے ہوئے Deal of centuryکے نام سے معاہدے پرشدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے اس عمل کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی معاہدات کے مغائر سمجھتا ہے ، اجلاس کے نزدیک یہ معاہدہ فلسطینیوں کے تمام حقوق بشمول مہاجرین کی باز آباد کاری کو سلب کرنا اور فلسطینی آبادیوں میں یہودی آباد کاروں کے قبضہ کو جائز قرار دینے کی شدید مذمت کرتا ہے ۔اجلاس کے نزدیک یہ نام نہاد معاہدہ ہے اور سراسر اسرائیلی شرائط کا آئینہ دار ہے ،اس لیے اسے فلسطینی قیادت نے متفقہ طور پر مسترد کر دیا ہے جس کی تحسین کرتے ہوئے اجلاس فلسطینی بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے ۔ اجلاس فلسطینی قیادت کی طرف سے امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ تمام تعلقات ختم کرنے کی فیصلے کی بھی تحسین کرتا ہے اور دیگر مسلم حکمرانوں سے بھی مطالبہ کرتا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے ساتھ عملی اظہار یکجہتی اوران کے فیصلے کی پیروی کرتے ہوئے دلیرانہ فیصلے کریں ورنہ بقول ترک صدر طیب اردگان القدس کا تحفظ نہ ہو سکا تو مکہ اور مدینہ کی سلامتی بھی سوالیہ نشان بن جائے گی ۔ اس لیے اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ فی الفور او آئی سی کا سربراہی اجلاس منعقد کرتے ہوئے فلسطین کی صورت حال کے حوالے سے ایسی جامع حکمت عملی طے کی جائے جو فلسطین کی آزادی پر منتج ہو۔مرکزی مجلس شوریٰ کا یہ اجلاس مسلم دنیا میں بڑھتی ہوئی امریکی مداخلت کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے ، جس کے نتیجے میں مصر میں منتخب جمہوری حکومت کو ختم کرتے ہوئے جنرل سیسی کی آمرانہ پالیسیوں کی تائید کی جا رہی ہے ، ہزاروں سیاسی کارکنان جیلوں میں ہیں ، منتخب صدر مورسی اور ان کے صاحبزادے کو جیل میں شہید کر دیا گیا ، دیگر ہزاروں کارکنان جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ، پر بد ترین تشدد کیا جا رہا ہے اور انہیں علاج معالجے اور قانونی امداد کی بھی رسائی حاصل نہیں ہے ۔ اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ بین الاقوامی برادری صورت حال کا نوٹس لے ، کالے قوانین ختم کرے ، قیدیوں کو رہا کرایا جائے اور شفاف اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنائے ۔اجلاس بنگلہ دیش میں بھارت کی آشیر باد پر جماعت اسلامی اور اس کی برادر تنظیموں کے ذمہ داران کو اندھا دھند سزائے موت اور عمر قید کی سزاؤں پر شدید تشویش کا اظہار کرتا ہے اور بین الاقوامی برادری اور او آئی سی کے رہنماؤں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بنگلہ دیش حکومت کو سفارتی اور تجارتی دباؤ کے ذریعے ظالمانہ اقدام ختم کرنے اور جیلوں میں ہزاروں قیدیوں کی رہائی کو یقینی بنایا جائے ۔اجلاس ارکان کے مسلمانوں پر میانمار حکومت کی طرف سے مسلسل ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے اور افریقی ملک کے ایک رہنما کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جس کے نتیجے میں بین الاقوامی عدالت انصاف نے میانمار کی سیاسی اور عسکری قیادت کو جنگی مجرم قرار دیا اور اجلاس اس کی توقع رکھتا ہے کہ بین الاقوامی عدالت اور ادارے اس فیصلے پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔ مرکزی مجلس شوریٰ کا یہ اجلاس نریندر مودی کی فاشسٹ حکومت کی طرف سے حالیہ NRCاور CAAکے نام پر مسلمانوں کی شہریت ختم کرنے انہیں اور دیگر اقلیات کو بنیادی حقوق سے محروم کرنے کے متعصبانہ اور فاشسٹ اقدامات کی شدید مذمت کرتا ہے اور بین الاقوامی برادری اور او آئی سی کی قیادت سے اپیل کرتا ہے کہ مسئلہ کے پیروکار مودی کے اقدامات خطے کو خانہ جنگی اور تباہی سے بچانے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرے ۔ یہ اجلاس مغربی ممالک میں اسلام فوبیا کے رحجان پر شدید تشویش کا اظہار کرتا ہے جس کے نتیجے میں آئے روز توہین قرآن و رسالت کے پے در پے واقعات رونما ہو رہے ہیں ۔ حجاب اور اسلامی شعار کو نشانہ بنایاجا رہا ہے ۔ اجلاس مسلم حکمرانوں اور اہل دانش سے مطالبہ کرتا ہے کہ متفقہ موقف اختیار کرکے اقوام متحدہ میں قانون سازی کا اہتمام کروایا جائے ۔ اجلاس یورپی عدالت اور نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم اور دیگر مغربی اہل دانش کی اسلام فوبیا کی اس لہر کے آگے بند باندھنے کی کاوشوں کی تحسین کرتے ہوئے دیگر مغربی اقوام سے بھی ان کی تقلید کرنے کی اپیل کرتا ہے۔