{AF}
ہندوستان اور اسرائیل جنگی جرائم کے مرتکب ہورہے ہیں اقوام متحدہ ان کے خلاف سلامتی کونسل میں قرارداد پاس کروا کر فوجی کارروائی کرے ، عبدالرشید ترابی{/AF}
مظفرآباد( پ ر) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل و چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ ہندوستان اور اسرائیل جنگی جرائم کے مرتکب ہورہے ہیں اقوام متحدہ ان کے خلاف سلامتی کونسل میں قرارداد پاس کروا کر فوجی کارروائی کرے ،اقوام متحدہ مسلم مسائل کے حل میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کررہی ہے او آئی سی کے رکن ممالک اور دیگر مظلوم ممالک الگ اقوام متحدہ تشکیل دیں ،حکومت ٹمبر اور قبضہ مافیا کے تدارک کے لیے موثر اقدامات کرے ،تجدید جنگلات کا وسیع پیمانے پر اہتمام کیا جائے ،وادی نیلم میں دیودار کی قیمتی لکڑی بچانے کے لیے مکانات کی تعمیر کے لیے جستی چادریں فراہم کی جائیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ ماحولیات کے متعلق این جی اوز سے تعاون حاصل کیا جائے بالن کے متبادل ذرائع تلاش کیے جائیں جنگی حیات کے تحفظ کے لیے کمیونٹی شراکت داری کا احساس پیدا کیا جائے اس حوالے سے ٹرافی ہنٹنگ کا سلسلہ شروع کیا جائے جنگلات کو آتش زدگی سے بچانے کے لیے فائر فائٹنگ کا نظام موثر بنایا جائے جنگلات قومی اثاثہ ہیں اور آئندہ نسلوں کی امانت سمجھتے ہوئے اقدامات کیے جائیں انہوں نے کہاکہ ہندوستان گزشتہ 72سالوں سے کشمیریوں کا قتل عام کررہا ہے اسی طرح اسرائیل گزشتہ 71سالوں سے فلسطینیوں کا قتل عام کررہا ہے اقوام متحدہ میں سب سے زیادہ قراردادیں فلسطین اور کشمیر پر پیش اور منظور ہوئیں مگر ایک قرارداد پر بھی عمل درآمد نہیں کیا گیا جس سے یہ احساس ابھر رہا ہے کہ اقوام متحدہ مسلم مسائل کے حل میں دلچسپی نہیں لیتی اس کے مقابلے میں مشرقی تیمور،جنوبی سوڈان علحیدہ کر دیے گے شام ،عراق اور افغانستان پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا سہارا لے کر یلغار کی گئی انہوں نے کہاکہ تمام اسلامی ممالک اقوام متحدہ سے نکل آئیں اور اپنی الگ اقوام متحدہ تشکیل دیں اپنے مسائل بھی حل کریں اور ان مظلوم اقوام کی مدد بھی کریں جن کو کمزور پا کر دبا لیا گیا ہے کشمیر اور فلسطین کی آزادی نوشتہ دیوار ہے ۔