{AF}
دنیا اور آخرت کی کامیابی ﷲ اور اس کے رسول ؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے سے ہی مل سکتی ہے ، عبدالرشید ترابی {/AF}
باغ( پ ر) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل و چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ دنیا اور آخرت کی کامیابی ﷲ اور اس کے رسول ؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے سے ہی مل سکتی ہے ،ﷲ کا یہ دین تمام شعبوں میں غالب ہونے کے لیے آیا ہے یہ امت ﷲ کے دین کے قیام اور غلبے کی امین ہے ،مقبوضہ کشمیر کے اندر قربانیوں کی لازوال داستانیں محض آزادی کے لیے نہیں بلکہ ﷲ کے نظام کے غلبے اور قیام کے لیے دی جارہی ہیں ،ہمارے اسلاف نے قربانیاں دے کر یہ خطہ اسی لیے حاصل کیا تھا کہ یہاں ﷲ کا دین غالب ہو گا نیکی کرنا آسان اور برائی کرنا مشکل ہو گی ،مہلت عمل بڑی تیزی سے اختتام کی طرف جارہی ہے یہ موقع ہے کہ ہم اپنی ساری زندگی ﷲ اور اس کے رسول ؐ کے بتائے ہوئے احکامات کے تابع کردیں دنیا اور آخرت کی کامیابی اور بھلائی اسی میں ہے ، ان خیالات کااظہار انہوں نے حاجی خلیل مہناس کے تعزیتی ریفرنس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ قرآن وسنت پر عمل کریں بھائی چارے کا نظام قائم کریں ایک دوسرے کے حقوق کا خیال رکھیں کسی کا حق نہ دبائیں ،امانتدار ی اور دیانتداری کو فروغ دیں ہر فرد آخرت کی تیاری کرے مرنے کے بعد عمل کا وقت ختم ہو جائے گا یہی مرحلہ عمل کرنے کا ہے اسلامی تہذیب اسلامی تعلیمات اپنائیں گے تو ﷲ راضی ہو گا ﷲ کی رضا ہی اصل مطلوب ہے ﷲ تعالیٰ نے انسانوں کو اپنا خلیفہ بنا کر دنیا میں بھیجا تا کہ وہ ﷲ کی بندگی اور تابع داری کرے ﷲ تعالیٰ نے انسانوں کی راہنمائی کے لیے انبیاؑ بھیجے اور یہ سلسلہ نبی پاک ؐ پر ختم ہو گیا اب یہ کام امت کے ذمہ ہے امت نے اپنے آپ کو بھی ﷲ کے سپر د کرنا تھا اور باقی انسانیت تک بھی ﷲ کا یہ پیغام پہنچانا تھا انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر کشمیری بھائی شدید مشکلات کا شکار ہیں وہ ہندوستان کی غلامی اس لیے قبول کرنے کے لیے تیار نہیں کہ وہ ﷲ کے نظام کا نفاذ نہیں کرسکتے وہ اپنے پورے پورے خاندان اس لیے قربان کررہے ہیں کہ ﷲ کے نظام کو غالب اور قائم کرسکیں پاکستان کے ساتھ بھی اسی لیے ملنا چاہتے ہیں کہ پاکستان اسلام کے نام پر معروض وجود میں آیا ہندوستان کے ظلم اور تشدد کو اس لیے برداشت کررہے ہیں کہ وہ ﷲ کو راضی کرنا چاہتے ہیں اس آئینے میں اپنا کردار متعین کرنے کی ضرورت ہے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو منزل تک پہنچانے کے لیے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اجتماعی اور انفرادی سطح پر اپنا کا م کریں ۔