{AF}
مقبوضہ کشمیرکا محاصرہ توڑنے کے لیے ترکی فریڈم فلوٹیلا طرز کا کاروان چلائے،عبدالرشید ترابی{/AF}
استنبول( پ ر) کنونیئر کل جماعتی کشمیررابطہ کونسل و چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیرکا محاصرہ توڑنے کے لیے ترکی فریڈم فلوٹیلا طرز کا کاروان چلائے ،مودی کی فاشسٹ حکومت کشمیریوں کا قتل عام کررہی ہے ،80لاکھ سے زائد کشمیری گزشتہ 74دنوں سے محصور ہیں ،اجناس،خوراک،دودھ سب کچھ ختم ہو چکا ہے کشمیری اپنے مردوں کو گھروں میں دفنانے پر مجبور ہیں ،نماز جمعہ کی ادائیگی پر بھی پابندی ہے ،ترک حکومت اور عوام نے جس طرح غزہ ،برماکے مسلمانوں کی عملی مدد کی اسی طرح کشمیریوں کی مدد کے لیے آگے بڑھیں،کشمیری بھارتی ظلم وتشدد کا پامردی سے مقابلہ کررہے ہیں ہندوستان کے مکروہ چہرے کو دنیا کے ہر فور م پر بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے ،مودی حکومت کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے بڑے قتل عام کی تیاری کررہی ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے ترکی کے معروف ادارے انسانیت اور مدنیت کے سربراہ اور ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کو نہ صرف پاکستان بلکہ امت مسلمہ کے مسئلے کے تناظر میں دیکھنا چاہیے اس قسم کے منصفانہ حل کے لیے اسلامی ممالک کو مشترکہ جدوجہد کرنی چاہیے ،انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان اور ترکی کی حکومت مل کر کشمیر کی آزادی کے لیے روڈ میپ تیار کر کے اس پر عمل کریں تا کہ کشمیر کی آزادی ممکن ہوسکے ،دریں اثناء عبدالرشید ترابی نے استنبول زائم یونیورسٹی میں جاری سہ روزہ عالمی کانفرنس سے خطاب کیا ،دنیا بھر سے آئے ہوئے مندوبین سے ملاقاتیں کر کے ان کو کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا اور تعاون کی اپیل کی ،اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے سی آئی جی اے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سمیع الاریان سے بھی خصوصی ملاقات کی اور کشمیر پر تعاون کی اپیل کی ،ڈاکٹر سمیع نے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ،دورے کے دوران عبدالرشید ترابی نے ترکی کی معروف نیوز ایجنسی کو کشمیر کی تازہ ترین صورت حال کے حوالے سے انٹرویو دیا اور ترک عوام سے اپیل کی کہ وہ فلسطین کی طرح کشمیر کے لیے بھی اپنا کردار ادا کریں ۔