{AF}
منحوس سیز فائر لائن کی کشمیریوں کے نزدیک کوئی اہمیت نہیں ، عبدالرشید ترابی {/AF}
باغ( پ ر) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل و چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ منحوس سیز فائر لائن کی کشمیریوں کے نزدیک کوئی اہمیت نہیں ،سیز فائرلائن کی طرف مارچ کرنا کشمیریوں کا حق ہے جس کی اجتماعی اورانفرادی سطح پر کوشش کی تحسین کرتے ہیں ،آل پارٹیز کانفرنس میں اصولی طور پر فیصلہ ہو چکا جس کا اعلان قیادت نے کرنا ہے تا کہ آخری کارڈ کے طورپرلاکھوں افراد ہوم ورک کے ساتھ اس کی طرف مارچ کریں تا کہ عالمی ضمیر کو جھنجوڑا جا ئے ،وزیر اعظم کے جنرل اسمبلی کے خطاب کے بعد جو امیدیں وابستہ ہوئی تھیں اس کے فالو اپ میں اقدامات نظر نہیں آرہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ وسطی باغ کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ قیادت کی طرف سے اجتماعی طور پر ایل او سی کی طرف مارچ کے فیصلے کے عوام منتظر ہیں لاکھوں کی تعداد میں کشمیری منحوس سیز فائر لائن کے دونوں طرف مارچ کریں انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان فوری طور پر کشمیری قیادت سے مشاورت کا اہتمام کرے ،کشمیری شدید مشکلات سے دوچار ہیں فیصلہ کن کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے حالیہ ٹویٹ جس میں انہوں نے جنگ چھیڑ جانے کا ذکر کیا ہندوستان نے عملاً غیر اعلانیہ جنگ چھیڑ رکھی ہے شہ رگ دشمن کے قبضے میں ہے یہ وقت شہ رگ کو بچانے کا ہے ،ایٹمی پاکستان کی قیادت اگر ایسی بات کرے گی تو یہ مایوس کن ہے اس حوالے سے اجتماعی یکجہتی اور حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے ایمانی قوت ،جذبہ جہاد اور بدر جیسا ماحول بنائیں گے تو اﷲ کی تائید و نصرت حاصل ہو گی ۔،اجلاس میں حلقہ وسطی باغ میں جاری ترقیاتی سکیموں کی تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہاکہ امانتداری سے وسائل کا درست استعمال کیا جائے تو تعمیر وترقی کو چار چاند لگ سکتے ہیں جماعت اسلامی کے کارکنان نے ہمیشہ امانت و دیانت سے وسائل کا درست طریقے سے استعمال کیا جس سے عوام مستفید ہو رہے ہیں ۔