وزیر اعظم اس ٹرمپ سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں جو ہم سے ثالثی کے وعدے کرتا اور کشمیر کو بھارت کا اندرونی مسئلہ قرار دیتا ہے،سینیٹر سراج الحق

{AF}siraj ul haq وزیر اعظم اس ٹرمپ سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں جو ہم سے ثالثی کے وعدے کرتا اور کشمیر کو بھارت کا اندرونی مسئلہ قرار دیتا ہے،سینیٹر سراج الحق{/AF}

سرگودھا(پ ر)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اس ٹرمپ سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں جو ہم سے ثالثی کے وعدے کرتا اور کشمیر کو بھارت کا اندرونی مسئلہ قرار دیتا ہے ۔ ایسے جلاد کے ہاتھ میں 80لاکھ کشمیر ی مسلمانوں کی قسمت کا فیصلہ دینا اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارنے کے مترادف ہے ۔ وزیر اعظم امریکہ جانے سے پہلے قومی قیادت کو اعتماد میں لیتے تو ہم ایئر پورٹ تک چھوڑنے جاتے۔ حکمرانوں نے ہمیشہ قوم کو شرمندہ کیا ۔مسلمانوں کے قاتل واجپائی ،راجیوگاندھی اور مودی کیلئے ریڈ کارپٹ بچھاتے رہے ۔آج بھی مودی کشمیر یوں کا قتل عام کررہا ہے اور مسلم حکمران اسے ہار پہنا رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے ایل او سی کی طرف جانے والے کو غدار اور ملک دشمن ہونے کا بیان ٹرمپ اور مودی کو خوش کرنے کیلئے دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا میں یکجہتی کشمیر مارچ سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔کشمیر مارچ سے جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمودخان، امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم ،جے آئی یوتھ پاکستان کے صدر زبیر گوندل و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔کشمیر مارچ میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ خواتین اور بچوں کی بھی بہت بڑی تعداد مارچ میں شریک تھی ۔یکجہتی کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی مائیں بہنیں پاکستان سے کسی محمد بن قاسم کی منتظر ہیں ، آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے ،لاکھوں کی تعداد میں کشمیر ی منحوس خونی لکیر کو عبور کر کے اپنے بھائیوں کی مدد کریں گے ، کشمیری اسلام اور تکمیل پاکستان کے لئے خون کے در یا بہا رہے ہیں ، پاکستان کی طرف آنے والے دریاؤں میں کشمیریوں کا خون شامل ہے ۔ ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا کہ کشمیر ی 72 سال سے پاکستان اور اسلام کے لئے جدو جہد کر رہے ہیں ، کشمیری نہ پہلے گھبرائے ہیں اور نہ اب گھبرائیں گے،ہمارے اسلاف نے مودی کے بڑوں کو ٹوپی دار بندوقوں ، کلہاڑیوں اور پتھروں سے بگایا تھا، اب مقبوضہ کشمیر سے بھی بگائیں گے انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور جماعت اسلامی پاکستان اول روز سے کشیریوں کی پشت پر ہے ، لیکن حکمرانوں سے ہمیں گلہ ہے اسلام آباد میں بیٹھے حکمران کشمیریوں کے زخم پر نمک پاشی نہ کریں، پاکستان کشمیر یوں کا وکیل ہے وہ عالمی سطح پر کشمیر یوں کی حقیقی ترجمانی کرے،انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کئی ہفتوں سے کرفیو کی وجہ سے 80 لاکھ لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں ، مقبوضہ کشمیر میں بڑے انسانی المیہ رونما ہونے سے قبل ہمیں مطلوبہ کر دار ادا کر نا ہو گا۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اقوام متحدہ 72سال میں کشمیریوں کو انصاف نہیں دے سکی۔کشمیر پر 23قرار دادیں موجود ہیں جن پر عمل درآمد نہیں ہوا اگر ایک اور قرار داد پاس کربھی لیں تو اس سے کشمیر یوں کو آزادی نہیں ملے گی۔کشمیر ہمارا مسئلہ ہے ،اسے ہمیں ہی حل کرنا ہوگا۔قوم حکمرانوں کی طرف سے عملی ا قدام کی منتظر ہے ۔ہم کشمیر کی آزادی کی جنگ سری نگر میں لڑی تو پھر مظفر آباد لاہور اور اسلام آباد میں لڑنا پڑے گی۔اگر خدانخواستہ ہم یہ جنگ ہار گئے تو پھر بھارت ہمیں پانی کا ایک قطرہ نہیں دے گا اور پاکستان ایک صحرا بن جائے گااس لئے کشمیر کی آزادی ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ۔ستر سالوں میں کتنے ملک آزاد ہوگئے مگر کشمیر آج بھی قید میں ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت کہتی ہے کہ جب تک بھارت پاکستان یا آزاد کشمیر پر حملہ نہیں کرتاہم کاروائی نہیں کریں گے۔وزیر اعظم کے اس بیان سے مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کواچھا پیغام نہیں ملا۔ہم وزیر اعظم کے اس موقف کو مسترد کرتے ہیں۔ پاکستان کے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے حکمران 47دنوں سے تقریریں کررہے ہیں ،کشمیر میں قتل عام جاری ہے ،لوگ خوراک اورادویات نہ ملنے کی وجہ سے لقمہ اجل بن رہے ہیں ،بستیاں برباد اور قبرستان آباد ہورہے ہیں۔لوگوں کو گھروں سے نکلنے کی اجازت نہیں ،ساتواں جمعہ بھی لوگ مسجدوں میں نہیں پڑھ سکے ۔سکول ،ہسپتال اور بازار بند ہیں ۔وادی میں میڈیا کا داخلہ بند ہونے کی وجہ سے اندر کی کوئی خبر باہر نہیں آرہی ۔انہوں نے کہا کہ ایک بہت بڑا انسانی المیہ لاکھوں لوگوں کو گھیرے میں لے چکا ہے مگر عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔حکومت کوئی عملی قدم اٹھانے کی بجائے دوسروں کو دکھڑے سنانے پر اکتفا کررہی ہے ۔حکمران امریکہ اور چائنا کی طرف دیکھ رہے ہیں حالانکہ امریکہ اور چین تو ستر میں بھی ہمارے ساتھ تھے مگر آدھا ملک ٹو ٹ گیا اور یہ لوگ ہمارا تماشا دیکھتے رہے ۔انہوں نے کہا کہ حکمران کشمیری ماؤں بہنوں اور بیٹیوں کو غاصب ہندوفوجیوں کے نرغے سے نکالنے کیلئے خدا کا نام لیکر آگے بڑھیں تو قوم کا بچہ بچہ محمد بن قاسم ،محمود غزنوی اور احمد شاہ ابدالی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مودی کے سومنات کو مسمار کرنے کیلئے شانہ بشانہ ان کے ساتھ ہوگا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک میں استحصالی نظام ہے ،سودی معیشت اور قرضوں کی بیڑیاں ہیں ،بجلی پٹرول گیس ہے نہ روز گار اور کاروبار ہے ۔حکومت کے تمام وعدے جھوٹے نکلے ۔ان حکمرانوں کی موجودگی میں ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔حکمران مصیبت بن کر قوم پر مسلط ہوگئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف بچوں کو اغواء کرکے زیادتی کے بعد قتل کیا جارہا ہے اور ان کے قاتل نہیں ملتے اور دوسری طرف صلاح الدین جیسے معصوم نوجوانوں کو تھانوں میں بدترین تشدد کا نشانہ بنا کر موت کے گھاٹ اتار دیا جاتا ہے ۔

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر