{AF}
مقبوضہ کشمیرمیں حالات سنگینی کی انتہا کو پہنچ چکے ہیں حکومت پاکستان بیانات سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرے ، ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}
باغ ،چترہ ٹوپی( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں حالات سنگینی کی انتہا کو پہنچ چکے ہیں حکومت پاکستان بیانات سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرے ،وزیر اعظم پاکستان خود وفد کی قیادت کرتے ہوئے اہم دارالحکومتوں کا دورہ کریں ،اسلامی ممالک کو متحرک اور فعال کر کے بھارت کا معاشی بائیکاٹ کروائیں ،اقوام متحدہ ،یورپی یونین ،او آئی سی اور انسانی حقوق کے ادارے اس نازک اور خطرے ناک مرحلے پر اپناکردار ادا کریں ،عالمی برادری انسانی المیے کے رونما ہونے کا انتظار نہ کرے ،کشمیری پاکستان اور عالمی برادری کی طرف دیکھ رہے ہیں اگر انہوں نے کوئی اقدام نہ کیا تو مشاورت سے سیز فائر لائن توڑ کر اپنے بھائیوں کی مدد کرنے پر مجبور ہوں گے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے چترہ ٹوپی وسطی باغ میں تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ کشمیر کی آزادی کے لیے ٹھوس پالیسی اور جامع حکمت عملی تشکیل دے کر عملی اقدامات کیے جائیں تا کہ ایک کروڑ انسانوں کو موت کے منہ میں جانے سے بچایا جاسکے ،نریندرمودی مسلمانوں کے قاتل اور مستند دہشت گرد ہیں انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں مسلم تشخص کو ختم کر کے مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے منصوبے پر عمل پیرا ہیں ،آر ایس ایس کے غنڈے مقبوضہ کشمیر میں بھیجے جا رہے ہیں فوجی دستوں میں اضافہ کیا جارہا ہے ایک اندازے کے مطابق اس وقت 15لاکھ سے زائد بھارتی فوجی کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہے ہیں انہوں نے کہاکہ مودی یا د رکھے ہمارے اسلاف نے نہتے ہونے کے باوجود ان کے بڑوں کو یہاں سے مار بھگایا اور یہ خطہ جہاد سے آزاد کروایا کشمیری گزشتہ 200سال سے میدان جہا د میں ہیں ان کو طاقت کی بنیادپر کوئی غلام نہیں رکھ سکتا ہمارے اسلاف نے زندہ کھالیں کھنچوائیں اورڈوگروں سے کمپرمائز نہیں کیا یہ تاریخ رکھنے والی قوم کو نہ کوئی ڈرا سکتا ہے اور نہ ہی غلام رکھ سکتا ہے کشمیری مسئلے کا پرامن حل چاہتے تھے لیکن ہندوستان کی ہٹ دھرمی اور مودی کی نسل پرستی نے حالات کو جنگ کے دھانے پر لا کھڑا کر دیا ہے چار ایٹمی پاورز کے درمیان جنگ ساری دنیا کے امن کو تباہ کر دے گی عالمی برادری اس حساسیت کا نوٹس لیتے ہوئے بھارت کے خلاف کارروائی کرے اور کشمیریوں کو اپنے وعدے کے مطابق حق خودارادیت فراہم کرے ۔