{AF}
ہندوستان کی قیادت نے مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت ختم کرنے کا عاقبت نا اندیش فیصلہ کر کے اقوا م متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے،عبدالرشید ترابی {/AF}
اسلام آباد( پ ر) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل و چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ ہندوستان کی قیادت نے مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت ختم کرنے کا عاقبت نا اندیش فیصلہ کر کے اقوا م متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے ،جماعت اسلامی اور کشمیری عوام ہندوستان کے اس فیصلے کی نہ صرف مذمت کرتے ہیں بلکہ اس کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑے ہوں گے ،ہندوستان نے پورے کشمیرکو فوجی چھاونی میں تبدیل کر کے یہ اقدام کیا ہے جو اس کی بزدلی کا کھلا ثبوت ہے ،حکومت پاکستان عالمی سطح پر متحرک اور فعال کردار ادا کرتے ہوئے بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کرے ،اقوا م متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلا کر بھارت کے خلاف کارروائی کا اہتمام کیا جائے ،ہندوستان نے مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازش کر کے کھلی آئینی اور ریاستی دہشت گردی کا ارتکاب کیا ہے کشمیری اس کو قبول نہیں کریں گے ،ہندوستان کا یہ فیصلہ کشمیریوں کو مزید ممیز دے گا اور ہندو ستان نواز لیڈر بھی اب کشمیریوں کے موقف کی حمایت پر آئے ہیں مقبوضہ کشمیر کے اندر اب ہندوستان کا نام لینے والا کوئی باقی نہیں رہے گا ،ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ بیس کیمپ اور پاکستان کی حکومت فیصلہ کن کردار ادا کرے تا کہ کشمیری آزادی کی منزل پا سکیں ہندوستان نے اپنے آئین کی دفعہ 370اور 35Aکا خاتمہ کر کے پوری دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کوتسلیم نہیں کرتا بھارت کی اس خلاف ورزی پر اقو ام متحدہ اور سلامتی کونسل فوری نوٹس لے انہوں نے کہاکہ او آئی سی کا سربراہی اجلاس اسلام آباد میں ہنگامی بنیادوں پر بلا یا جائے اور اس گھمبیر مسئلے کے حل کے لیے عملی اقدامات طے کیے جائیں ہندوستان کشمیریوں کو مسلمان ہونے کی سزاد ے رہا ہے ملت اسلامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کے بنیادی حق کا ساتھ دے ایک سوال کے جواب میں عبدالرشید ترابی نے کہاکہ تمام اسلامی ممالک ہندوستان کا سیاسی،سفارتی اور معاشی بائیکاٹ کا اعلان کریں جب تک ہندوستان کشمیریوں کو ان کا بنیادی اور پیدائشی حق فراہم نہیں کر دیتا ۔