{AF}
حکومت پاکستان نے ہندوستان کی سلامتی کونسل میں عارضی رکنیت کے لیے ووٹ دینے کا فیصلہ کر کے کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کی ہے ،ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}
راولاکوٹ( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان نے ہندوستان کی سلامتی کونسل میں عارضی رکنیت کے لیے ووٹ دینے کا فیصلہ کر کے کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کی ہے ،ہندوستان کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر یکے بعد دیگرے رپورٹس شائع ہو چکی ہیں ،ہندوستان کی اقوا متحدہ میں رکنیت کا جواز ہی نہیں بنتا چونکہ ہندوستان اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنے کے بجائے ان کو ماننے کے لیے تیار نہیں ہے ،ایسے میں پاکستان کی طرف سے ہندوستان کو ووٹ دینا عالمی سطح پر پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ ایشیا پیسیفک گروپ میں سیکورٹی کونسل کی غیر مستقل نشستوں کے انتخاب میں ہندوستان کے امیدوار ہونے کی توثیق کی مذمت کرتے ہیں ،مقبوضہ جموں کشمیر میں ہندوستان کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بدترین ریکارڈ قائم کے ہیں، پاکستان کو ایشیا پیسیفک گروپ میں کشمیر میں جاری مظالم سے آگاہی دینی چاہیے تھی اور ریاستی دہشت گردی کی جو لہر جاری ہے اس کی بنا پر ہندوستان کو سلامتی کونسل کا ممبر ہونے کے لیے نا اہل قرار دینے کے لیے پوزیشن لینی چاہیے تھی ،سلامتی کونسل جو دنیا میں امن و امان اور انسانی حقوق کے تحفظ کی ذمہ دار ہے ا س کی ممبر شپ کے لیے ایک ملک کے امیدوار ہونے کی توثیق جو پاکستان پر جارحیت پاکستان کے اندروانی امن و امان کو تباہ کرنے کے لیے سازشوں اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی میں ملوث ہے نا قابل قبول ہے ،انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کا ادارہ برائے انسانی حقوق اس حوالے سے بڑی واضح رپورٹ دے چکا ہے کہ ہندوستانی افواج کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کی خلا ف ورزیوں میں ملوث ہے ایسے ملک کو انسانی حقوق کے جرائم کے حوالے سے اقوام متحدہ کے کٹہرے میں کھڑا ہونا چاہیے نہ کہ امن و امان کے ادارے میں ہو،پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے کہ پاکستان کے دوست ممالک نے بھی ہندوستان کی امن و امان کے ذمہ دار بین الاقوامی فورم کی رکنیت کے لیے امیدواری کی توثیق کی ہے ۔