{AF}
مغرب میں اسلام کی روشنی پھیلانے کے لیے یوکے اسلامک مشن کا قیام عمل میں لایا گیا تھا ،ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}
اسلام آباد( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ مغرب میں اسلام کی روشنی پھیلانے کے لیے یوکے اسلامک مشن کا قیام عمل میں لایا گیا تھا ،اہل مغرب کو قرآن کی تعلیمات اور اسلام سے آگاہ کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے سید مودودیؒ نے یہ ویژن دیا تھا کہ برطانیہ میں یوکے اسلامک مشن کے نام سے تنظیم قائم کی جائے جو مغرب کو اسلام کی دعوت پیش کرے اور مسلمانوں کو اسلامی تعلیمات اپنانے کی ترغیب دے ،یوکے اسلامک مشن نے بھرپور انداز سے کام کیا ہم ان کی تحسین کرتے ہیں ،دعوت اور خدمت لازم و ملزوم ہیں تارکین وطن اسلام کے سفیر بن کر اپنا کردار ادا کریں،ان کی دہری ذمہ داری ہے ایک اسلام کا پیغام پہنچانا اور دوسرا مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا ،ان خیالات کااظہار انہوں نے مساجد مدارس فاؤنڈیشن کی جانب سے یوکے اسلامک مشن کے ریلیف انچارج ریاض ولی کے اعزاز میں دئیے گے افطار ڈنر میں شریک شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر راجہ جہانگیر خان،سیکرٹری جنر ل راجہ فاضل تبسم سمیت دیگر قائدین موجود تھے ،اس موقع پر چیئرمین مساجد و مدارس فاؤنڈیشن راجہ خالد محمود نے مساجد ومدارس فاؤنڈیشن کے اہداف اور منصوبوں کا جائزہ پیش کیا ،اس موقع پر یوکے اسلامک مشن کے ریلیف انچارج ریاض ولی سمیت دیگر قائدین نے گفتگو کی ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ اسلام کا آفاقی پیغام مخلوق تک پہنچانا امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے اس حوالے سے دنیا کے مختلف ممالک میں مختلف ناموں کے ساتھ یہ کام جاری ہے اﷲ کے بندوں کی سب سے بڑی خدمت یہ ہے کہ ان کو اﷲ کی طرف بلایا جائے ،انسانیت کی سب سے بڑی خدمت یہ ہے کہ اسے اﷲ کے در سے آشنا کیا جائے ،برطانیہ جیسے معاشرے میں اسلام کے لیے کام کرنا بڑی سعادت کی بات ہے دنیا کے سارے نظام فیل ہوچکے ہیں اسلام کا نظام ہی انسانیت کو فلاح دے سکتا ہے ،دنیا ایک متبادل نظام کی تلاش میں ہے اور وہ نظام اسلام کے پاس ہے ۔