{AF}
ہندوستان پاکستان کو لاشوں کے تحفے پیش کررہا ہے اور یہاں سے مذاکرات کی بھیک سمجھ سے بالا ہے،شیخ عقیل الرحمان{/AF}
مظفرآباد( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمان نے کہا ہے کہ ہندوستان پاکستان کو لاشوں کے تحفے پیش کررہا ہے اور یہاں سے مذاکرات کی بھیک سمجھ سے بالا ہے،ڈاکٹر برہان الدین گنائی کی شہادت سے لگ رہا ہے کہ ہندوستان جان بوجھ کر کشمیریوں کے برین کو ہدف بنا رہا ہے ،ہندوستان کی قابض افواج کشمیر کے اندر جہاں بے گناہ معصوم بچوں اور بوڑھوں کو شہید کررہی ہے وہاں ہدف بنا کر کشمیریوں کے ڈاکٹرز اور اعلیٰ دماغ لوگوں کو شہید کیا جارہا ہے ،حکومت پاکستان ان بے گناہوں کی آواز بن کر عالمی سطح پر ہندوستان کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کرے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگوں کو ہندوستانی افواج شہید کررہی ہے تا کہ کشمیر کے اندر ٹیلنٹ کو ختم کیا جا سکے اور کشمیر کے لیے کچھ کرنے والوں کو راستے سے ہٹایا جائے انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو اپنے حق کے حصول کے لیے جدوجہد کرنے کی اجازت اقوام متحدہ کے چارٹر نے دے رکھی ہے اس لیے حکومت پاکستان کشمیریوں کی عملی مدد کرے ،بیس کیمپ کی حکومت آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کر کے کشمیر کی آزادی کے لیے لائحہ عمل مرتب کرے ،انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان عالمی سطح پر جارحانہ مہم کے ذریعے ہندوستان کے چہرے کو بے نقاب کرے ہندوستانی افواج سفاکانہ انداز سے کشمیریوں کا قتل عام کررہی ہے اس کو روکنا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے پاکستان آگے بڑھ کر کشمیریوں کی آواز بلند کرے گا تو باقی اسلامی دنیا بھی اس کی پشت پر کھڑی ہو گی ۔