{AF}
وزیر اعظم آزادکشمیر لوڈ شیڈنگ کے خاتمے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے ماہ رمضان میں خصوصی اقدامات کریں ،شیخ عقیل الرحمان{/AF}
مظفرآباد( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم آزادکشمیر لوڈ شیڈنگ کے خاتمے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے ماہ رمضان میں خصوصی اقدامات کریں ،پرائس کنٹرول کمیٹی کو فعال کیا جائے وزیر اعظم خود مارکیٹوں اور بازاروں کے دورے کر کے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو چیک کریں تا کہ عوام کو ریلیف مل سکے ،رمضان المبارک میں لوگ عبادات ،کاروبار اور ہسپتالوں میں بجلی کی اشد ضرورت ہوتی ہے اس لیے آزاد خطے کو خاص کر مظفرآباد کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قراردیا جائے ،مظفرآباد سے 1ہزار سے زائد میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے پانی کی وافر مقدار کی وجہ سے بجلی گنجائش سے بھی زیادہ پیدا کی جارہی ہے اس لیے مظفرآباد جو متاثر ہے اس کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ ہونا چاہیے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ چند مفاد پرست عناصر اس ماہ مقدس میں قیمتوں میں بے پنا اضافہ کرتے ہیں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے مہنگائی پہلے ہی کمر توڑ چکی ہے اب اگر حکومت نے کنٹرول نہ کیا تو مہنگائی کا جن بے قابو ہو جائے گا حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس جن کو قابو کر نے کے لیے راست اقدامات کرے اور خود جائزہ لے ،انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے کارکن اس ماہ مقدس میں قرآن کے ساتھ تعلق کو مضبوط کریں اﷲ کے پیغام کو عام کریں ۔