{AF}
حکومت کے اچھے اقدامات کی تحسین کرتے ہیں لیکن اصلاح احوال کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے، ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}
رہاڑہ( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ حکومت کے اچھے اقدامات کی تحسین کرتے ہیں لیکن اصلاح احوال کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے،صدر ریاست تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ،جماعت اسلامی خیر کے کاموں میں حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کررہی ہے اور مسائل کی نشان دہی بھی کرتے رہیں گے ،حلقہ نمبر4سمیت آزاد خطے کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے ،سڑکیں،ہسپتال اورتعلیمی اداروں کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے،دیہی ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور ادویات کی کمی کو فوری پورا کرنے کی ضرورت ہے،تعلیمی اداروں کو فعال اور متحرک بنانے کے لیے یکساں نظام تعلیم کانفاذ وقت کا تقاضا ہے ،پسماندہ علاقوں کو فوکس کر کے تعمیر و ترقی کا عمل شروع کیا جائے تا کہ یہاں کے لوگ بھی سہولیات سے استفادہ کرسکیں ،ریاست قومی مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے صدر ریاست کے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اصلاح احوال کے لیے اچھے اقدامات کیے ہیں این ٹی ایس کے ذریعے محکمہ تعلیم میں بھرتیوں سے تعلیم کے شعبے میں بہتری آئے گی اسی طرح دیگر محکموں میں بھی این ٹی ایس کے ذریعے بھرتیاں کی جائیں تا کہ باصلاحیت نوجوان آگے آئیں اور ریاست ترقی کرسکے ،میرٹ اور انصاف کا قتل کرنے والے معاشرے زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتے ،جہاں ظلم ہوتا ہے وہاں امن قائم نہیں ہوسکتا جہاں امن نہ ہو وہ معاشرے ترقی نہیں کرسکتے انہوں نے کہاکہ ریاستی سطح پر اہم اقدامات میں یکساں نصاب تعلیم کا نفاذ ،سود کا خاتمہ اور میرٹ کا قیام ہے ،انہوں نے کہاکہ انفراسٹریکچر کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کی ضرورت ہے تعمیراتی کاموں کی رفتار سست ہے اس کو تیز کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہاکہ بیس کیمپ کی حکومت کے قیام کے پیش نظر دو اہم مقاصد تھے ایک آزاد خطے کے مسائل کا حل اور دوسرا بقیہ کشمیر کی آزادی ،دونوں مقاصد ابھی تک تشنہ تکمیل ہیں کشمیر کی آزادی اسی وقت منزل پائے گی جب بیس کیمپ حقیقی اور فیصلہ کن کردار ادا کرے گا آزاد خطے کے عوام خوشحال ہوں گے اور یہ خطہ ترقی کرے گا تو مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے لیے باعث رغبت ہو گا ۔