{AF}
آزادکشمیر سے ہزاروں میگاواٹ بجلی پید ا کی جارہی ہے لیکن پورے آزادکشمیر کی طرح مظفرآباد بھی بدترین لوڈشیڈنگ کی زد میں ہے ،شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ{/AF}
مظفرآباد( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ آزادکشمیر سے ہزاروں میگاواٹ بجلی پید ا کی جارہی ہے صرف مظفرآباد سے 1ہزار میگاواٹ ایک پراجیکٹ اور 150میگاواٹ دوسرے اور50میگاواٹ تیسرے پراجیکٹ سے بجلی پیدا کی جارہی ہے لیکن پورے آزادکشمیر کی طرح مظفرآباد بھی بدترین لوڈشیڈنگ کی زد میں ہے ،وزیر اعظم آزادکشمیر اپنے وعدے کے مطابق نہ صرف مظفرآباد بلکہ پورے آزاد خطے کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ کروانے کے لیے وفاق سے با ت کریں ،وفاقی حکومت اس حساس خطے کی حساسیت کے پیش نظر یہاں کے عوام کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نجات دلائیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگوکر تے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر وسائل کی دولت سے مالامال ہے درست انداز سے اچھی حکمت عملی کے تحت ہم اپنے منصوبوں کو بروقت مکمل کریں اور اپنے قدرتی وسائل سے استفاد ہ کریں آزاد خطہ ترقی میں یورپ کو بھی مات دے سکتا ہے ،انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نظام کی تبدیلی اور کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کرہی ہے جب تک یہ فرسودہ نظام کو تبدیل نہیں کیا جاتا مسائل حل نہیں ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام تکمیل پاکستان کی جدوجہد کررہے ہیں تحریک آزادی کشمیر در اصل تحریک پاکستان ہی کا تسلسل ہے کشمیری تقسیم برصغیر کے نامکمل ایجنڈے کی تکمیل کے لیے جدوجہدکررہے ہیں ۔