{AF}
کشمیریوں نے بھارت کو عملاً شکست سے دوچار کر دیا ہے ، ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}
اٹک( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے بھارت کو عملاً شکست سے دوچار کر دیا ہے ،بھارت نے پاکستان پر پھر جارحیت کا ارتکاب کیا تو پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرے گی،نریند ر مودی دنیا کے امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن چکے ہیں ،ہندوؤں کو جس طرح انتہا پسندی کی راہ پر ڈال دیا ہے اس سے بھارت کے اندر ایک اور پاکستان وجود میں آئے گا ،کشمیری 186سال سے میدان کار زار میں ہیں ایسی قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا جو اذان کی تکمیل کے لیے 22شہادتیں پیش کر دے ،کشمیریوں نے اپنے حصے کا کام کر لیا ہے اب ان کی آزادی کی منزل حاصل کر نے کے لیے بیس کیمپ اور حکومت پاکستان کو فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہو گا ،کشمیریوں کو پاکستانی عوام سے کوئی گلہ نہیں لیکن حکمرانوں نے وہ کردار ادا نہیں کیا جو کرنا چاہیے تھا ،حکومت پاکستان تسلسل کے ساتھ شہ رگ کو بچانے کے لیے کردار ادا کرتی تو آج کشمیری آزادی کا سانس لے رہے ہوتے ،پاکستان کی سلامتی اور بقاء کشمیر کی آزادی میں مضمر ہے،پاکستان کی لہلاتی فصلیں اور کھیت جس پانی سے سیراب ہو رہے ہیں اس میں کشمیریوں کا خون بھی شامل ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے سالانہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ نوجوان امت کا اثاثہ ہیں علماء کرام انبیاؑ کے وارث ہیں وہ جدید اور قدیم علوم پر دسترس حاصل کر کے ملت اسلامیہ کی راہنمائی کریں ،مسالک اور فرقوں سے اوپر اٹھ کر جدید تقاضوں اور چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے خود کو تیار کریں ،پاکستان کلمے کی بنیاد پر معروض وجود میں آیا کشمیریوں نے 19جولائی 1947کو قیام پاکستان سے قبل ہی اپنی منزل پاکستان کا تعین کر دیا تھا انہوں نے کہاکہ جن مقاصد کے لیے ہمارے اسلاف نے قربانیاں دے کر پاکستان حاصل کیا تھا وہ مقاصد ابھی تشنہ ہیں پوری قوم علامہ اقبال اور قائد اعظم کے تصورات کے مطابق پاکستان کو حقیقی اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اس موقع پر انہوں نے کہاکہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے ایک ہی دن میں پلوامہ14نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا اس تحریک میں 4پی ایچ ڈیز شہید کیے گئے ننھی آصفہ سے لے کر بزرگ قائد سید علی گیلانی تک سب میدان جہاد میں ہیں ایسی قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا ہندوستان نے جماعت اسلامی پر پابندی لگا کر اپنے نام نہاد جمہوری چہرے کو مزید بے نقاب کر دیا ہے جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر دینی تحریک ہے جس نے قوم کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے 300سے زائد سکول قائم کیے خدمت کے میدان میں بلا تخصیص سب کی خدمت کررہی ہے ایسی جماعت پر پابندی لگانا ظلم اور نا انصافی ہے عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے تھا لیکن عالمی برادری خاموش تماشہ دیکھ رہی ہے انہوں نے کہاکہ کشمیرآزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا اور پاکستان ملت اسلامیہ کی قیادت کرے گا۔