{AF}
امت مسلمہ کو فرقوں اور مسلکوں میں تقسیم کر کے اس کی قوت کو ختم کرنا عالمی ایجنڈا ہے ، عبدالرشید ترابی{/AF}
باغ،بیس بگلہ( پ ر) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کو فرقوں اور مسلکوں میں تقسیم کر کے اس کی قوت کو ختم کرنا عالمی ایجنڈا ہے ،مشرق وسطیٰ ان ہی سازشوں کی لپیٹ میں ہے ،پاکستان نظریاتی اور دفاعی صلاحیتوں کی بنیاد پر دشمن طاقتوں کے نشانے پر ہے ،دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے دینی قیادت نے بصیرت کا مظاہرہ کیا ملی یکجہتی کونسل متحدہ مجلس عمل جیسے پلیٹ فارمز باہمی اتحاد کے لیے بہترین صف بندی ہے ،دشمن کے ایجنڈے کو ناکام بنانے کے لیے مزید مضبوط صف بندی کی ضرورت ہے ،دینی ادارے وحدت اور قرآن کی تعلیم کا اہتمام کررہے ہیں موجودہ حالات میں ان کی سرپرستی سب پر فرض ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے مدرسہ فاطمہ الزہرہ کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر مہتمم ادارہ مفتی رشید سمیت دیگر علماء کرام اور قائدین نے خطاب کیا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ ہندوستان نے ایک سازش کے تحت پاکستان پر یلغار کی پاکستانی افواج نے منہ توڑ جواب دیا اس خفت کو مٹانے کے لیے ہندوستان اس طرح کی کوئی اور حرکت بھی کرسکتا ہے اس کا مقابلہ کرنے کے لیے باہمی اتحاد اور جذبہ جہاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے ،جذبہ جہاد دفاع کا سب سے بڑا ہتھیار ہے انہوں نے کہاکہ کشمیر اور فلسطین میں کشمیری اور فلسطینی اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اپنے بنیادی حق کے حصول کے لیے جدوجہد کررہے ہیں ان کو اپنے حق کے حصول کے لیے حق مزاحمت حاصل ہے ،قابض بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کررہی ہیں کشمیریوں کو اپنے حق کے لیے ہرمحاذ پر جدوجہد کرنے کا حق حاصل ہے ایک سازش کے تحت دینی مدارس ،آزادی کی تحریکوں اور اسلامی تحریکوں کو دہشت گردی کے ساتھ جوڑنے کی ناکام کوشش ہورہی ہے اس کے توڑ کے لیے بھی باہمی اتحاد و اتفاق ضروری ہے ،انہوں نے کہاکہ طاغوتی تہذیب کا ایجنڈا ہے کہ مسلمانوں کو دین ایمان اور عقیدے کے مراکز سے منخرف کیا جائے چونکہ مغربی تہذیب کے راستے میں دینی ادارے اور اسلامی تحریکیں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں اس بنیاد پر ان تحریکوں کو بلا جواز ہدف بنایا جارہا ہے قرآن وسنت کی تعلیم امن اور بھائی چارے کی تعلیم ہے اس کا تشدد سے کوئی تعلق نہیں ہے یہ ادارے ایمان اور عقیدہ بچانے کی کوشش کررہے ہیں اس لیے مغرب سازش میں مصروف ہے کہ ان اداروں اور اسلامی تحریکوں کو بدنام کیا جائے تا کہ یہ عوام میں پذیرائی نہ حاصل کرسکیں ان حالات میں ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کے ساتھ تعاون کریں نظام کی تبدیلی ضروری ہے تا کہ ان اداروں کا تحفظ کیا جاسکے اور امت مسلمہ کو ایک بار پھر منظم کر کے طاقت میں ڈالا جائے ۔