{AF}
اساتذہ اور والدین مل کر بچوں کی تعلیم وتربیت میں اپنا کردار ادا کریں،ڈاکٹر خالد محمود خان {/AF}
راولاکوٹ( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ اساتذہ اور والدین مل کر بچوں کی تعلیم وتربیت میں اپنا کردار ادا کریں،بچے قوم کا حقیقی مستقبل ہیں،تعلیمی ،تہذیبی،اخلاقی،سیاسی حتیٰ کہ ہر پہلو کی بالادستی کے لیے قرآن وسنت کی روشنی میں نسل نو کی جدید تقاضوں کے مطابق تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارنا ہو گا ،غلامی مسلمانوں کا مقدر نہیں ہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے الائیڈ سکول راولاکوٹ کیمپس میں پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر پرنسپل ندیم اشرف سمیت دیگر راہنماؤں نے خطاب کیا ،تقریب کے موقع پر امیر جماعت اسلامی نے پوزیشن لینے والے بچوں میں انعامات تقسیم کیے ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ مغربی کلچر کو من وعن مستعار لینے یا قبول کرنے کے بجائے ہمیں اپنے علمی اثاثوں سے مستفید ہوتے ہوئے اپنی راہیں خود متعین کرنا ہوں گی ،مغربی کلچر کے بجائے اسلامی ثقافت اپنانی اور اس کو بالادست بنانا ہو گا بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کا اہتمام کر کے ان کو اچھا مومن بنایا جائے تا کہ وہ جس میدان میں بھی جائیں مثبت اور تعمیری کردار ادا کرسکیں ،انہوں نے کہا کہ امام غزالی،سید مودودی ؒ ،ڈاکٹر اسرا ر احمد جیسے زمانے کو ساتھ لے کر چلنے والے کردار تعلیمی اداروں میں پروان چڑھے اور چڑنے چاہیں اسی راستے سے ملت اسلامیہ سربلند ہو گی ،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یکساں نصاب تعلیم رائج کیا جائے تا کہ یکسو قوم تیار کی جا سکے انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارتی قابض افواج نے تمام تعلیمی ادارے بند کر کے نہ صرف انسان دشمنی بلکہ تعلیم دشمنی کا ثبوت دیا ہے ،آزادخطے کے عوام اور نوجوان مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے شانہ بشانہ ہیں آزمائش کی ہر گھڑی میں ہم ان کے ساتھ ہیں دریں اثناء امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر خالد محمود نے سیز فائر لائن تیتری نوٹ،منڈھول،بٹل،مینڈلہ کا دورہ کیا متاثرین سیز فائر لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اور اس کے ادارے مشکل کی اس گھڑی میں آپ کے شانہ بشانہ ہیں ۔