{AF}
جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کی مرکزی مجلس شوریٰ کا ریاست میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری پر تشویش کااظہار{/AF}
اسلام آباد( پ ر)جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کی مرکزی مجلس شوریٰ کا یہ اجلاس ریاست میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری پر تشویش کااظہار کرتا ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے پرائس کنٹرول کا موثر نظام اختیار کیا جائے نیز بے روزگاری کا مسئلہ حل کرنے کے لیے نوجوانوں کے لیے کسی بڑے پیکج کا اعلان کیا جائے اور انہیں خود کفالت کے لیے غیر سودی قرضے فراہم کیے جائیں تا کہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں،اجلاس ناقص غذا اور جعلی دو نمبر ادویات کی وجہ سے غیر معمولی طور پر دل،کینسر اور پیچیدہ بیماریوں کے غیر معمولی پھیلاؤ پر بھی تشویش کااظہار کرتا ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ فوڈ اتھارٹی کا موثر نظام قائم کرتے ہوئے عوام بالخصوص بچوں کی صحت کو تباہی سے بچایا جائے ،اجلاس بغیر میٹر کے صارفین کی استعداد سے بڑھ کربجلی بلوں کے اجراء پر بھی تشویش کااظہار کرتا ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ صارفین کو فوری طور میٹر فراہم کیے جائیں بجلی کی چوری جو عام طور پر معاشرے کے موثر افراد کرتے ہیں کے عمل کو روکا جائے اب جب کہ آزادکشمیر کے پن بجلی منصوبہ جات سے ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا ہوتی ہے آزادکشمیر کو لوڈ شیڈنگ فری علاقہ قرار دیا جائے نیز بجلی فی یونٹ سستی فراہم کی جائے ۔اجلاس میں بجلی منصوبہ جات اور قدرتی وسائل میں سے دیگر صوبوں سے بھی بڑھ کر آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کو وسائل کی فراہمی کا مطالبہ کرتا ہے نیز نیلم جہلم ہائیڈرل منصوبہ جات کی وجہ سے ضلع مظفرآباد میں ماحولیاتی مسائل کے ازالہ کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتا ہے۔اجلاس اس امر پر بھی تشویش کااظہار کرتا ہے کہ پولیس کی بڑی تعداد میں وزیروں ،مشیروں کی پروٹوکول ڈیوٹیوں پر تعیناتی کی وجہ سے پولیس کی نگر انی کانظام کمزور ہونے کی وجہ سے جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے لہٰذا پروٹوکول ڈیوٹیاں ختم کرتے ہوئے پولیس کو جرائم کے سدباب کے لیے وقف کیا جائے ۔اجلاس حکومت جو گڈ گورننس کے نام پر برسراقتدار آئی تھی کو متوجہ کرتا ہے کہ حکمران جماعت کے سینئر راہنماؤں او ر اندرونی اختلافات کی وجہ سے بیوروکریسی بے قابو ہورہی ہے چھوٹے سے خطے میں ٹرانسپورٹ کے نام پر وسائل تباہ کیے جارہے ہیں،سرکاری دفاتر میں لوگ انصاف اور شرف انسانیت کے بجائے افسرشاہی کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں پروفیسر جمیل کے ساتھ ڈی سی ہٹیاں کا ہتک امیزسلوک واضح مثال ہے شوریٰ کے نزدیک صورت حال کی اصلاح کی بنیادی ذمہ داری وزیر اعظم کی ہے جن کے پبلک سروس کمیشن کے قیام اور این ٹی ایس کے اجراء جیسے اچھے اقدامات کے باوجود اپنے سینئر رفقاء کے بقول خوشامدیوں کے گھیرے میں ہیں اجلاس توقع رکھتا ہے کہ وہ صورت حال کی اصلاح کے لیے باہم مشاورت اور ایفائے عہد کی پابندی کا اہتمام کرتے ہوئے گڈ گورننس کے نظام کو بحال کریں گے میرٹ کی بالادستی کے لیے جماعت ہمیشہ کی طرح اچھے اقدامات کی تحسین کرتی ہے نیز جماعت اسلامی سے کیے گئے وعدے بھی پورے کیے جائیں جو انتخابی مفاہمت کے موقع پر انہوں نے کئے اور بعد میں بار بار اعلان بھی کرتے رہے عہد وپیماں کی پابندی ایمان کا حصہ ہے قیادت کی سطح پر اس کا پاس نہ رکھنا کسی قوم و معاشرے کے لیے کسی طور خوش آئند نہیں ہے ۔اجلاس اعلیٰ عدالتی فیصلوں کے باوجود بلدیاتی انتخابات کے مسلسل التواء پر تشویش کااظہار کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ تعمیر وترقی کے عمل کو تیز تر کرنے اور اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے لیے فی الفور بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جائے۔شوریٰ کا یہ اجلاس این ٹی ایس کے نظام کو مزید شفاف بنانے کا مطالبہ کرتا ہے تا کہ کسی بھی امیدوار کو کوئی شکایت پیدا نہ ہو اور ضلع سدہنوتی سے تعلق رکھنے والے وطن کی بیٹی کے ساتھ ہونے والی زیاتی کی مذمت کرتے ہوئے ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا مطالبہ کرتا ہے۔اجلاس ایڈہاک ازم کی بجائے پبلک سروس کمیشن کے ذریعے تقرری کے عمل کو تیز تر کرنے کا بھی مطالبہ کرتا ہے نیز ایڈہاک تقرریوں کے لیے محض صوابدیدی اختیارات استعمال کرتے وقت میرٹ کو ملحوظ رکھاجائے ۔