{AF}
آزادکشمیر کی موجودہ حکومت سے عوام کو بڑی توقعات وابستہ ہیں کہ وہ عوامی اور سماجی مسائل حل کرے گی ،نورالباری{/AF}
اسلام آباد( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیر و امیر مہاجرین مقیم حلقہ پاکستان نورالباری نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کی موجودہ حکومت سے عوام کو بڑی توقعات وابستہ ہیں کہ وہ عوامی اور سماجی مسائل حل کرے گی ،ان توقعات کو پورا کرنے پر تو جہ دینے کی ضرورت ہے حکومتی جماعت باہمی اختلافات کے بجائے عوامی مسائل حل کرنے پر توجہ دیں ،بیس کیمپ کو حقیقی بیس کیمپ بنانے کے تقاضے پورے کیے جائیں اس کے بنیادی تقاضے تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ علاقے کو ترقی اور خوشحالی کا ماڈل بنایا جائے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے مہاجرین کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کو جو موقع ہے اس کو ضائع کرنے کے بجائے کارکردگی بہتر کرنے اور عوام سے جو وعدے کیے گئے تھے ان کو پورا کرے ،آزاد خطے میں جو بھی مسائل ہیں ان کو حل کرنے کے لیے موثر حکمت عملی تشکیل دی جائے ،ا س موقع پر نورالباری نے کہاکہ انتخابات کے موقع پر جماعت اسلامی کے ساتھ جو وعدے کیے گئے تھے وہ بھی تا حال کما حقہ پورے نہیں کیے گئے اس پر جماعت اسلامی کے تحفظات ہیں ،انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اپنے اصولی موقف پر قائم ہے کہ پاکستان میں تبدیلی کے باوجود آزادکشمیر میں عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا جائے کسی سازش کے نتیجے میں یہاں کے عوام کے حق حکمرانی کو نہ چھینا جائے انہوں نے کہاکہ حکمران جماعت کی ذمہ داری ہے کہ وہ پوری یکسوئی ،یکجہتی کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے منشور کے مطابق کام کرے اور اپنے اتحادیوں کو بھی مشاورت میں شامل رکھے ۔