{AF}
عمران خان نے جس طرح پاکستان میں بحرانوں پر قابو پانے کے لیے ٹاسک فورس تشکیل دی ہیں اسی طرح مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھی ٹاسک فورس تشکیل دینا بہت ضروری ہے،عبدالرشید ترابی {/AF}
اسلام آباد( پ ر) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ عمران خان نے جس طرح پاکستان میں بحرانوں پر قابو پانے کے لیے ٹاسک فورس تشکیل دی ہیں اسی طرح مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھی ٹاسک فورس تشکیل دینا بہت ضروری ہے،مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر پاکستان کے اندر معاشی، بجلی اور سیکورٹی کا بحران ختم نہیں ہوسکتا ہے ،سب بحرانوں کے خاتمے کا واحد حل کشمیر کی آزادی ہے،کشمیر کی آزادی پاکستان کی سلامتی کے ضروری ہے،صدر پاکستان مظفرآباد میں اسمبلی اور کونسل کے مشترکہ اجلاس میں بھارت کو واضح اور دوٹو ک پیغام دیں کہ وہ کشمیریوں کے اپنے وعدے کے مطابق حق خودارادیت فراہم کرے تا کہ کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں ،نہتے افغانیوں نے سپر پاور امریکہ کی قیادت میں جدید ترین اسلحہ سے لیس نیٹو فورسز کو افغانستان سے بھاگنے پر مجبور کر دیا تو ہندوستان کے اندر بھی ہلچل مچ چکی ہے ،ہندوستان کے اندر خوف پیدا ہو چکا ہے اور ہندوستان سے مشاورت سے بغیر ہی افواج کا انخلا ء شروع کر دیا اس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں کشمیری آزادی کے لیے پر عزم ہیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے سرکاری اور نجی ٹی وی چینلز سے یکجہتی کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہاکہ حکومت پاکستان کشمیر کی آزادی کا روڈ میپ دے ،پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلا س بلوا کر کشمیر پر بحث کے بعد جامع پالیسی اور آزادی کا روڈ میپ دیا جائے ،کشمیرمیں ہونے والے مظالم سے عالمی برادری کو آگاہ کرنے کے لیے ایک مستقل نائب وزیر خارجہ کا تقرر کیا جائے پور ی دنیا میں اپنے سفارتکاروں کو متحرک کیا جائے کہ وہ بھارت کے چہرے کو بے نقاب کریں ،اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کرنے اور اسے کٹہرے میں کھڑا کر نے کے لیے کافی ہے اس رپورٹ کی روشنی میں حکمت عملی ترتیب دی جائے تا کہ ہندوستان پر عالمی دباؤ بڑھے اور وہ کشمیریوں کو ان کا حق فراہم کرے ،انہوں نے کہاکہ 5فروری پوری دنیا میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جاتا ہے یہ قاضی حسین احمد ؒ کا صدقہ جاریہ ہے پوری دنیا کی اسلامی تحریکیں اس دن کشمیریوں سے یکجہتی کااظہار کرتی ہیں امسال بھی پوری دنیا میں یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا ۔