{AF}
سینیٹر سراج الحق اور عبدالرشید ترابی کی سفراء سے ملاقات مقبوضہ کشمیرمیں مظالم سے آگاہ کیا{/AF}
سینیٹر سراج الحق اور عبدالرشید ترابی کی سفراء سے ملاقات مقبوضہ کشمیرمیں مظالم سے آگاہ کیا کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق دلوایا جائے،سراج الحق ،عبدالرشید ترابی بھارت مقبوضہ کشمیرمیں بدترین ریاستی دہشت گردی کامرتکب ہورہاہے اسلام آباد( پ ر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق،کنونیئر کل جماعتی کشمیررابطہ کونسل وممبراسمبلی عبدالرشید ترابی نے یکجہتی کشمیرکے حوالے سے یورپی ممالک کے سفراء سے ملاقات کی،اس موقع پر قائدین نے مقبوضہ کشمیرمیں ہونے والے بھارتی مظالم سے آگاہ کیا ،انسانی حقوق کی پامالیوں اور قتل غارت گری پر مشتمل دستاویز ی فلم دکھائی ،یورپی سفراء سے مطالبہ کیاہے کہ بھارت کے ہاتھوں مقبوضہ کشمیر کے نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کو بند کروانے میں کردار ادا کریں،کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق دلوایا جائے ۔ ملاقات میں ڈنمارک،یورپی یونین ، برطانیہ و جرمنی سفراء موجود تھے ، اس موقع پر نائب امیر جماعت پاکستان میاں محمد اسلم ڈائریکٹر شعبہ امور خارجہ عبد الغفار عزیز اور عابد خواجہ موجود تھے،سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ستر سا ل سے بھارتی ظلم ستم سہنے کے باوجود کشمیری عوام اپنے حق آزادی سے دست بردار نہیں ہوئے۔ پاکستانی حکومتوں سمیت دنیا میں کسی نے ان کی مطلوبہ مدد نہیں کی اور نہ ان پر ہونے والے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آوازاٹھائی گئی ، لیکن اس سب کچھ کے باوجود کشمیری عوام اپنی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں جانوروں اور پرندوں کے حقوق کی بات تو کی جاتی ہے لیکن بیگناہ کشمیری بچوں اور خواتین سمیت پوری کشمیری قوم پر سات لاکھ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں توڑے جانے والے مظالم پر دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کروانا پوری دنیا پر قرض ہے۔ آج جب کہ دنیا ایک بستی کی صورت اختیار کر چکی ہے ، دنیا کے کسی بھی خطے میں جاری ریاستی دہشت گردی پوری دنیا کا امن امان خطرے میں ڈال دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان جیسی ایٹمی ریاستوں کے مابین اصل تنازعہ ختم کروانا عالمی امن کے لئے ناگزیر ہے۔امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ5 فروری کو پوری پاکستانی قوم ہی نہیں پوری امت مسلمہ اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کو پیغام دے گی کہ وہ حق پر ہیں اور ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر آزادی کشمیر کے لیے کوشاں رہیں گے۔