{AF}
جماعت اسلامی عشرہ یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منائے گی،ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}
اسلام آباد( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی عشرہ یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منائے گی، ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کررکھی ہے اگر حالات اسی طرح چلتے رہے تو جماعت اسلامی آزادکشمیراورگلگت بلتستان کی مسلمہ قیادت سے مشاورت کرکے سیز فائر لائن کو پاؤں تلے روند ڈالیں گے،کشمیریوں نے جنوبی ایشیاء کے سب سے بڑے سامراج کی گردن کو 71سال سے اپنے پنجوں دبوچ رکھا ہے ،جنوبی ایشاء کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے نریندر مودی حالات کو جنگ کی طر ف دھکیل رہے ہیں اگر جنگ ہوئی تو پوری دنیا کا امن تباہ ہو گا ،کشمیری تقسیم برصغیر کے نامکمل ایجنڈے کی تکمیل کی جنگ لڑرہے ہیں ،ہندوستان نے کشمیریوں سمیت اقلیتوں کے حقوق غصب کررکھے ہیں ،نام نہاد یوم جمہوریہ کا ڈرامہ کر کے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا ہے ،ہندوستان سیز فائر لائن پر بلا اشعال فائرنگ کرکے سول آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے عالمی برادری اس کا نوٹس لے ان خیالات کااظہار انہوں نے مرکزی ذمہ داران کی 2روزہ تربیت گاہ کے شرکاء سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی راجہ فاضل حسین تبسم،مولانا عبدالقادر ندیم،تنویر احمد خان،آفتاب عالم ایڈووکیٹ سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ کشمیریوں نے ہندوستان کو مقبوضہ کشمیر کے اندر شکست سے دوچار کردیا تھا لیکن مشرف نے یو ٹرن لے کر آزادی کی تحریک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ،جہاد اور جذبے کی بنیاد پر افغانوں نے دنیا کی تیسری سپر پاور کو شکست سے دوچار کر دیا وہ وقت دور نہیں جب کشمیری جنوبی ایشیا کے سب سے بڑے سامراج ہندوستان کو کشمیر سے بھگانے پرمجبور کر دیں گے ،انہوں نے کہاکہ اسلام آباد نے جس طرح مسئلہ افغانستان کے حل کے حوالے سے سرگرمی دیکھائی اسی طرح کشمیر کے حوالے سے سرگرمی دیکھاتے تو کشمیر کی آزادی کی منزل قریب آجاتی انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ جس نے بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کر دیا تھا اس کو بنیاد بنا کر بھرپور سفارتی مہم منظم کر کے سلامتی کونسل سے ہندوستان کے خلاف قراردادمنظور کر وا کر ہندوستان کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کی ضرورت تھی جو نہیں ہوئی ،اسرائیل اور ہندوستان کو انسانی حقوق کی پامالیوں اور دہشت گرد کارروائیوں کا مرکز قرار دینے کے باوجود ان کے خلاف عالمی برادری نے وہ ردعمل نہیں دیکھایا جو ہونا چاہیے تھا ،انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اقوام متحدہ نے اپنارویہ تبدیل نہ کیا تو اس کا حشر بھی لیگ آف نیشن جیسا ہی ہو گا ،انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر نوجوانوں نے بندوق اٹھا لی ہے 4پی ایچ ڈیز نوجوان شہادت پا چکے ہیں جس قوم کا پڑھا لکھانوجوان بندوق اٹھا لے اور ننھی بچیاں پیٹھ پر بستے اور ہاتھ میں پتھر اٹھا لیں ان کو کوئی غلام نہیں رکھ سکتا ۔