{AF}
جماعت اسلامی اﷲ کے دیئے ہوئے عادلانہ اور منصفانہ نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کررہی ہے،ڈاکٹر خالد محمود خا ن{/AF}
اسلام آباد( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خا ن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اﷲ کے دیئے ہوئے عادلانہ اور منصفانہ نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کررہی ہے جماعت اسلامی کے کارکن اور ہرسطح کے ذمہ داران اﷲ کے پیغام کو آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے ایک ایک گھر اور ایک ایک فرد تک پہنچائیں،جماعت اسلامی ویژن 2030لے کر نکلی ہے کشمیر کی آزادی اور بیس کیمپ کی خوشحالی ہمارا ہدف ہے آزاد خطہ کا مقدر اسلامی انقلاب ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے ویژن 2030کی روشنی میں سہ ماہی لیڈر شپ ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی راجہ جہانگیر خان،سیکرٹری جنرل راجہ فاضل حسین تبسم ،شاہد وارثی سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ جماعت اسلامی کی دعوت کسی فرد،شخصیت یا جماعت کی طرف نہیں بلکہ ہماری دعوت بندوں کو بندوں کی غلامی سے نکال کر اﷲ کی طرف بلانا ہے ،جماعت اسلامی کی جدوجہد کا محور اور مرکز اﷲ کی رضا اور اس کی خوشنودی ہے ،انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے کارکنان معاشر ے میں عوامی مسائل کے ترجمان بنیں،تھانے اور کچہریوں میں مظلوم کی داد رسی کریں ظلم کو روکیں انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے کارکن اور قیادت روزانہ کی بنیاد پر 30منٹ قرآن کا مطالعہ کریں،سیرت النبی ؐ ،سیرت صحابہ ؓ،سیرت صلحا کا مطالعہ کریں اپنی زندگیوں کو صحابہ کرام ؓ کی زندگیوں کی طرح گزاریں ،مغربی تہذیبی یلغار کے آگے بند باندھیں ،انہوں نے کہاکہ ہم آزادی کی فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں جبکہ ہماری بھائی ہندوستانی سامراج کے مظالم کا شکار ہیں ،مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان مظالم کی انتہا کر چکا ہے اپنے مظلوم بھائیوں کو دعاؤں میں یاد رکھیں ۔