{AF}
ریڈ فاؤنڈیشن نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تعلیم کے میدان میں گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں ،ڈاکٹر خالد محمود خان {/AF}
مظفر آباد( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ معلم اور مسیحا اگر تاجر بن جائیں گے تو قومیں تعمیر نہیں ہوتیں ، ریڈ فاؤنڈیشن نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تعلیم کے میدان میں گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں ، آزاد خطے اور گلگت بلتستان کے عوام ریڈ فاؤنڈیشن کی ان خدمات کی تحسین کرتی ہے، ٹیچر نہ بنیں استاد بنیں ، ٹیچر تو اب گوگل ختیٰ کہ اب مفتی بھی بن چکا ہے ، استاد کی قدر کریں جن معاشروں میں استاد کی قدر کی جاتی ہے وہ ترقی کرتے ہیں ، وحی کا آغاز اقراء سے ہوا ، نبی صلی اﷲ علیہ و سلم معلم بنا کر بھیجے گئے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریڈ فاؤنڈیشن ریجن مظفر آباد کے زیر اہتمام گولڈ میڈل حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں دی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پبلک سروس کمیشن آزادکشمیر کے ممبر سردارشیراز ، چیئرمین ریڈ فاؤنڈیشن پروفیسر مصطفی ، CEOشاہد رفیق سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا کہ اس وقت ریڈ فاؤنڈیشن کے آزادکشمیرمیں 382سکول ہیں ، جن میں ایک لاکھ سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں ۔ہماری کوشش ہے کہ ان اداروں سے فارغ ہونے والے طلبہ و طالبات دین کا درست فہم بھی رکھتے ہوں اور آزاد خطے کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا داعیہ بھی لیے ہوئے ہوں ۔ ڈگری تربیت کے بغیر محض کاغذ کا ٹکڑا ہے ، ہماری کوشش ہے کہ اچھا مسلمان انجینئر اچھا مسلمان ڈاکٹر اچھا مسلمان پروفیسر اور اچھا مسلمان شہری یہاں سے تیار کریں ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارت کی قابض افواج ظلم کی انتہا کر رہی ہیں ، ایک ہی دن میں پلوامہ کے اندر 14کشمیریوں کو شہید کیاگیا ، ہمارے پی ایچ ڈی نوجوان وہاں شہید ہو رہے ہیں ، آپ یہاں سے میڈل لے کر خوشی خوشی اپنے گھر جا رہے ہیں ، جبکہ مقبوضہ کشمیر میں ہمارے کشمیری بھائی اپنے عزیزوں کی لاشیں لے کر گھر جا رہے ہیں ، ننھی بچیاں پیٹھ پر بستہ اور ہاتھ میں پتھر اٹھا کر قابض بھارتی فوج کا مقابلہ کر رہی ہیں ۔شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے ہم نے اپنی ہر تقریب میں اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کو یاد رکھنا ہے ۔