{AF}
جماعت اسلامی ظلم پر مبنی استحصالی نظام کے خاتمے کے لیے جدوجہد کررہی ہے،ڈاکٹر خالد محمود خان {/AF}
بھمبر( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ظلم پر مبنی استحصالی نظام کے خاتمے کے لیے جدوجہد کررہی ہے، اﷲ کا دیا ہوا نظام جب تک غالب نہیں ہو گا ہمارے مسائل حل نہیں ہوں گے ،ہندوستان طاقت کی بنیاد پر کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتا شہداء کے جنازے ہندوستان کے خلاف ریفرنڈم ہیں پلوامہ اور کپواڑہ میں میں نوجوانوں کی شہادت پر عالمی برادری کی خاموشی سوالیہ نشان ہے ،حکومت پاکستان خاموشی توڑ کر پشتیبانی کا حق ادا کرے،جماعت اسلامی انبیاؑ کے مشن کی علمبر دار ہے ،اﷲ نے مخلوق کی راہنمائی کے لیے انبیاؑ معبوث فرمائے،نبی پاک ؐ کی بعثت کے بعد انبیاؑ کا سلسلہ بند ہو گیا اب یہ کام امت نے کرنا ہے ،امت مسلمہ کو اﷲ نے بہترین امت قرار دیا جس کا کام لوگوں کو اﷲ کی طرف بلانا نیکی کا حکم اور برائی سے روکنا ہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی بھمبر کے زیر اہتمام یونین کونسل اور وارڈ کے ذمہ داران کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل چوہدری امجد یوسف،آفتاب عالم ایڈووکیٹ،امیر جماعت اسلامی ضلع بھمبر چوہدری فرید،ڈاکٹر ریاض مرزا سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ اسلام مکمل نظام حیات ہے سید مودودی ؒ نے تمام لائبریاں کھنگالنے کے بعد خالی ذہن ہو کر قرآن میں غوطہ ذن ہوئے تو یہ فکر دی کہ امت کو اﷲ کے دین کو مکمل غالب کرنا ہے ،1941میں70افراد نے جمع ہو کر اس تحریک کا آغاز کیا آج کروڑوں افراد اس فکر سے وابستہ ہیں ،انہوں نے کہاکہ آزاد خطے میں حالات سازگار ہیں شرط یہ ہے کہ ہم اپنی جان مال اور وقت دین کے غلبے کے لیے صرف کریں جماعت اسلامی کی خدمت،تعلیم کے میدان میں گران خدمات ہیں جماعت اسلامی کا کارکن داعی ہے اس کے مخاطبین سب ہیں اﷲ کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کریں،نبی پاک ؐ کی سیرت،سیرت صحابہ اور صلحاء کا مطالعہ کریں،خالصًااﷲ کی رضا کے لیے برؤے کار آئیں مرجع خلائق بنیں لوگوں کے دکھ درد میں شریک ہوں،ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ جماعت اسلامی کو محض سیٹوں سے نہ ماپا جائے یہ دعوت الی اﷲ کی تحریک ہے ،لوگوں کو اﷲ کی طرف بلاتی ہے ہماری جدوجہد کا محور ومرکز اﷲ کی رضا اور قیامت کے دن نبی پاک ؐ کا دیدار اور خوص کوثر پر جام نصیب ہو جو لوگ اس نصب العین کے ساتھ آگے بڑھیں گے انہیں کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی ۔