{AF}
نریندر مودی خطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہے ہیں ،عبدالرشید ترابی{/AF}
مکہ مکرمہ( پ ر) کنونیئر کل جماعتی کشمیررابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ نریندر مودی خطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہے ہیں بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ پوری امت کے خلاف ہے ،کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق کے حصول کی جدوجہد کررہے ہیں کشمیریوں کے دل امت کے ساتھ دھڑکتے ہیں ،فلسطین سمیت جہاں بھی ظلم ہوتا ہے سب سے پہلا مظاہرہ سری نگر میں ہوتا ہے ،اسلامی ممالک ہندوستان کا سیاسی ،سفارتی اورمعاشی بائیکاٹ کریں،عالمی برادری کی خاموشی کے باعث ہندوستان شہ پا کر مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کررہا ہے ،سکول فوجی چھاونیوں میں تبدیل ہو چکے ہیں رات کے اندھیر ے میں پورے پورے گاؤں کا محاصرہ کر کے ظلم کی انتہا کی جارہی ہے ،کشمیری اﷲ کے بعد امت مسلمہ کی طر ف دیکھ رہے ہیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے موریطانیہ کے وزیر مذہبی امور استاد احمد اہل داؤد ،اور مصر کے مفتی اعظم ڈاکٹر محمد شوقی سے ملاقات اور میڈیا اور گفتگو کرتے ہوئے کیا ،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ ہندوستان اور اسرائیل کے عزائم پوری امت کے خلاف ہیں ہندوستان جنوبی ایشیاء میں امن تباہ کررہا ہے جبکہ اسرائیل مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام میں رکاوٹ کشمیر اور فلسطین امت کے دیرینہ مسائل ہیں ان کے حل کے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا ،پاکستان اور ہندوستان 2ایٹمی طاقتیں ہیں ان کے درمیان جنگ ایٹمی جنگ ہو گی جس سے پوری دنیا متاثر ہو گی کشمیری مسئلے کا پرامن حل چاہتے ہیں لیکن ہندوستان حالات کو جنگ کی طرف لے جا رہا ہے جب کہ ہندوستان کی قیادت نے عالمی برادری کے سامنے عہد کیا تھا کہ وہ کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق فراہم کرے گی تا کہ کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ کرسکیں ،انہوں نے کہاکہ عرب اور اسلامی ممالک او آئی سی اور عرب لیگ کے پلیٹ فارم سے کشمیرکی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کریں ،عرب اور اسلامی ممالک نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی ہمیشہ تائید و حمایت کی ہے اس پر اہل کشمیر ان کے شکرگزار ہیں لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ آگے بڑھ کر ایسے عملی اقدامات کیے جائیں جن کے نتیجے میں کشمیر اور فلسطین آزاد ہوسکیں اس وقت کشمیر اور فلسطین میں بدترین انسانی حقوق کی پامالیاں جاری ہیں ممنوعہ ہتھیار تک استعمال کیے جارہے ہیں لیکن عالمی برادری پھر بھی خاموش ہے جو پوری دنیا کے لیے لمحہ فکریہ ہے ۔