{AF}
جماعت اسلامی یتیم اور غریب بچوں کی کفالت اﷲ رضا اور دینی فریضہ سمجھ کر سر انجام دے رہی ہے ،ڈاکٹر خالد محمود خان {/AF}
راولاکوٹ( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی یتیم اور غریب بچوں کی کفالت اﷲ رضا اور دینی فریضہ سمجھ کر سر انجام دے رہی ہے ،عظیم ہیں وہ مائیں جو یتیم بچوں کی تعلیم وتربیت کے لیے اپنا سب کچھ قربان کررہی ہیں ،ایسے بچوں کو مائیں قرآن کی تعلیم سے روشناس کروائیں،جماعت اسلامی مہاجرین اورمقبوضہ کشمیر کے شانہ بشانہ ہے ،نریندر مودی حالات کو جنگ کی طرف دھکیل رہے ہیں کشمیر کا بچہ بچہ ایٹم بم بن کر نریندر مودی کے عزائم کو ناکام بنائے گا ،جماعت اسلامی مہاجرین کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اپنے حصے کا کام کرے گی ،ان خیالات کااظہار انہوں نے ریلیف آرگنائزیشن فار کشمیر ی مسلمز کے زیر اہتمام یتیم بچوں کی کفالت کے لیے وظائف دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ ایسے مخیر حضرات جو یتیم بچوں کی کفالت کا بیڑا اٹھائے ہوئے ہیں وہ قیامت کے دن نبی پاک ؐ کے ساتھ ہوں گے ،یتیم کی کفالت اسلام میں عظیم کام ہے اور اس سے اﷲ کی رضا اور نبی پاک ؐ کی شفاعت ملے گی ،اس موقع پر انہوں نے کہاکہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے پہاڑ توڑرہا ہے پلوامہ میں 14نوجوانوں کی شہادت صبح آزادی کی نوید ثابت ہو گی ،شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں جماعت اسلامی اول روز سے اس تحریک کی پشتیبان ہے جب تک کشمیر ہندوستان کے پنجہ استبداد سے آزاد نہیں ہو جاتا اس وقت تک جماعت اسلامی کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ رہے گی ۔