{AF}
مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ،راجہ فاضل حسین تبسم {/AF}
اسلام آباد( پ ر)جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے سیکرٹری جنرل راجہ فاضل حسین تبسم نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ،ہندوستان اپنے تمام تروسائل کے استعمال کے باوجود کشمیریوں کو ان کے جذبہ آزادی سے کبھی پیچھے نہیں ہٹا سکتا ،کشمیری تحریک تکمیل پاکستان کے تسلسل کو جاری رکھے ہوئے ہیں،اہل پاکستان اپنی پشتیبانی کا حق اداکریں ،بیس کیمپ کی حکومت مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس بلا کر تمام جماعتوں سے مشاورت سے سیز فائر لائن توڑنے کا اعلان کرے ،ان خیالا ت کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،دریں اثناء سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزادکشمیر راجہ فاضل حسین تبسم سے امیر جماعت اسلامی ضلع حویلی چوہدری خورشید احمد نے مرکز جماعت اسلامی میں ملاقات کی اور ضلع حویلی کے مسائل سے آگاہ کیا ،چوہدری خورشید نے کہا کہ ضلع حویلی دور دراز علاقہ ہونے کے باعث بنیادی سہولیات سے محروم ہے وزارت داخلہ کی جانب سے حویلی کے عوام سے پاسپورٹ آفس کی سہولت واپس لینا حویلی کے عوام کی حق تلفی ہے جس سے یہاں کے لوگوں میں مایوسی پھیلے گی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے راجہ فاضل حسین تبسم نے کہاکہ حکومت کو اس ایشو پر فوری نوٹس لیتے ہوئے اقدامات کرنے چاہیں انہوں نے کہاکہ ضلع حویلی جو لائن آف کنٹرول پر واقع ہے وہاں کے بہادر اور غیور عوام نے ہمیشہ قربانیاں پیش کی ہیں حکومت پاکستان ضلع حویلی کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں سہولیات دیں تا کہ عوام کو ریلیف ملے ،راجہ فاضل حسین تبسم نے چوہدری خورشید احمد کو ہدایت کی کہ وہ یونین کونسل اور وارڈ کی سطح پر اپنی تنظیم کو موثر بنائیں اور عوام کے مسائل کو اجاگر کریں انہوں نے کہاکہ بہت جلد حویلی کا دورہ کروں گا ۔