{AF}
عقیدہ توحید پر غیر متزلزل یقین اور سیرت نبی ؐ پر عمل پیرا ہونے سے ہی دنیا اور آخرت میں کامیاب ہو سکتے ہیں ،عبدالرشید ترابی {/AF}
ملوٹ( پ ر) کنونیئر کل جماعتی کشمیررابطہ کونسل ممبرقانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ عقیدہ توحید پر غیر متزلزل یقین اور سیرت نبی ؐ پر عمل پیرا ہونے سے ہی دنیا اور آخرت میں کامیاب ہو سکتے ہیں ،عقائد کی درستگی ضروری ہے تا کہ اس کے مطابق جو ہم عمل کریں وہ اﷲ کو قبول ہو،نظام مصطفی کے نفاذ کے بغیر ہمارے مسائل حل نہیں ہوسکتے ،یہ خطہ ہمارے آباؤاجداد نے آزاد ہی اسی لیے کروایا تھا کہ یہاں اﷲ کا دین قائم ہو گا اور مخلوق خدا کو انصاف ملے گا،مقبوضہ کشمیر کے اندر آج بھی قربانیاں اسی لیے دی جارہی ہیں کہ اﷲ کا نظام قائم اور غالب ہو ،ان خیالات کااظہار انہوں نے سیر ت النبی ؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر دیگر علماء کرام نے بھی خطاب کیا ،سیرت النبی ؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ افغانستان میں درست عقیدے کی بنیاد پر جنگ لڑنے والوں نے دنیا کی دو بڑی سپر طاقتوں کو شکست سے دوچار کیا ہے ،امریکہ اور اس کے اتحادی نیٹو افغانستان میں طاقت کے باوجود آج امریکہ شکست کا اعتراف کررہا ہے اس کے پیچھے اﷲ پر بھروسہ اور ایمان تھا ،انہوں نے کہاکہ ہمیں بھی اﷲ پر بھروسہ کرتے ہوئے اﷲ کے دین کے قیام کی جدوجہد کرنی چاہیے ،انہوں نے کہاکہ مسلمان ہونے کے ناطے ہماری دہری ذمہ داری ہے کہ آزاد خطے کے اندر اسلامی نظام کا قیام اور دوسرا مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی مدد کرنا ،مقبوضہ کشمیر کے اندر جو عظیم الشان تحریک بھرپا ہے اس نے ہندوستان کی 8لاکھ فوج کو شکست سے دوچار کر دیا ہے آزادی کی اس تحریک کو منزل تک پہنچانے کے لیے بیس کیمپ اور حکومت پاکستان نے فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہے ،انہوں نے کہاکہ ہندوستان کے ساتھ مسئلہ کشمیر کے سوا کسی معاملے پر بات نہیں کرنی چاہیے ہندوستان باہمی مذاکرات اور سرحد کھولنے کے بہانے دنیا کو گمراہ کرتا ہے ہندوستان مقبوضہ کشمیر کے اندر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے روزانہ کشمیریوں کی لاشیں گر رہی ہیں اس کے ساتھ کشمیرکے ون پوائنٹ ایجنڈے کے علاوہ کوئی بات نہ کی جائے ۔