{AF}
ہندوستان نے سیز فائر لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے عملاً غیر اعلانیہ جنگ مسلط کررکھی ہے ،ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}
منگ( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ ہندوستان نے سیز فائر لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے عملاً غیر اعلانیہ جنگ مسلط کررکھی ہے ،حکومت متاثرین سیز فائر لائن کی فوری امداد کے لیے اقدامات کرے،کشمیری آزادی کے لیے پرعزم ہیں وہ نریندر مودی کی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیں گے ،جماعت اسلامی کے کارکن ویژن 2030کی روشنی میں اﷲ کے دین کی دعوت ایک ایک گھر اور ایک ایک فرد تک پہنچائیں،کشمیر کی آزادی اور بیس کیمپ کی خوشحالی ہمارا ہدف ہے ،عالمی برادری کشمیر میں بہنے والے خون سے چشم پوشی کر کے جرائم کی مرتکب ہورہی ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی منگ کے زیر اہتمام کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،دریں اثناء ڈاکٹر خالد محمود خان نے امیر حلقہ ذوالفقار کے کزن شبیر کے ہاں جاکر اظہار تعزیت کے بعد فاتحہ خوانی کی ،کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ جماعت اسلامی اﷲ کے دین کے غلبے کی تحریک ہے اس کا مقصد بندگان خدا کو اﷲ کی بندگی کی طرف لانا ہے جماعت اسلامی کے کارکن قرآن وسنت کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کریں آپ وہ خوش قسمت لوگ ہیں جن کو اﷲ نے اپنے دین کے منتخب کیا ہے ہم اﷲ کا شکر بجا لاتے ہیں انہوں نے کہاکہ سید مودودی ؒ نے غلبہ دین کے لیے جو تحریک برپا کی تھی اس کے ساتھ آج کروڑوں افراد وابستہ ہیں ساری دنیا کی اسلامی تحریکیں اسی ایجنڈے پر کام کررہی ہیں ،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس خطے میں پہاڑی کا چراغ اور زمین کا نمک ہے جماعت اسلامی امید کی واحد کرن ہے اﷲ کے نظام کے قیام کی جدوجہد کررہی ہے ظلم نا انصافی ،کرپشن کا خاتمہ اور میرٹ کی بالادستی کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا جماعت اسلامی ظلم نا انصافی کرپشن اور اقرباپروری کے خلاف نظام عدل کے قیام کے لیے جدوجہد کررہی ہے ۔