{AF}
نیلم جہلم ہائیڈرل پراجیکٹس کی وجہ سے ماحولیات پر پڑنے والے اثرات کے تدارک کے لیے حکومت اور واپڈا فوری اقدامات کریں،ڈاکٹر خالد محمود خا ن{/AF}
راولاکوٹ( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خا ن نے کہا ہے کہ نیلم جہلم ہائیڈرل پراجیکٹس کی وجہ سے ماحولیات پر پڑنے والے اثرات کے تدارک کے لیے حکومت اور واپڈا فوری اقدامات کریں،نیلم جہلم پراجیکٹ اور ٹرانسمیشن لائن سے متاثرین کے مطالبات اور معاوضہ جات فوری ادا کرنے کا اہتمام کیا جائے ،واپڈا اپنے معاہدے کے مطابق منصوبوں پر عمل درآمد کرے اور ایسے اقدامات جن سے لوگوں میں نفرت پیدا ہوتی ہے ان سے گریز کیا جائے ،وفاقی حکومت آزاد خطے کی حساسیت کے پیش نظررکھتے ہوئے اقدامات کرے،حکومت آزادکشمیر کی ذمہ داری ہے کہ وہ وفاق سے دو ٹوک انداز سے بات کر کے متاثرین کے مطالبات پورے کرنے کا اہتمام کرے،ان خیالات کااظہار انہوں نے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ کشمیری شعوری طور پرپاکستانی ہیں اور پاکستان سے محبت رکھتے ہیں پاکستان کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں ،انہوں نے خبردار کیا کہ جماعت اسلامی متاثرین کے شانہ بشانہ ہے جب تک متاثرین کے مسائل حل نہیں ہوجاتے جماعت اسلامی ہر فورم پر ان کی آواز اٹھائے گی اور ان کے مسائل حل کرنے کا اہتمام کرے گی ،وفاقی حکومت آزاد خطے کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے آزاد خطے سے 2500میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے جبکہ یہاں کے عوام کے لیے 350میگاواٹ بجلی کی ضرورت ہے ،انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی قومی تشخص اور وقار پر کوئی کمپرمائز نہیں کرے گی ہمارے آباواجداد نے یہ خطہ جہاد کے ذریعے حاصل کیا ہے کسی نے طشتری میں رکھ کر نہیں دیا ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت آزادکشمیر کو ماڈل ریاست بنائے تا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے یہ باعث رغبت ہو ۔