{AF}
نریندرمودی آر ایس ایس کے ایجنڈے کے مطابق مقبوضہ کشمیرسے مسلمانوں کا صفایا چاہتے ہیں، عبدالرشید ترابی{/AF}
اسلام آباد( پ ر) کنونیئر کل جماعتی کشمیررابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ نریندرمودی آر ایس ایس کے ایجنڈے کے مطابق مقبوضہ کشمیرسے مسلمانوں کا صفایا چاہتے ہیں،حالات اسی طرح رہے عالمی برادری خاموش رہی تو مقبوضہ کشمیرمیں سوا کروڑ مسلمانوں کو قابض 8لاکھ بھارتی فوج کیمیائی ہتھیاروں سے موت کے گھاٹ اتار دے گی،عالمی برادری اس سنگینی کا نوٹس لے،کشمیریوں نے 1990سے لے کر اب تک قربانیوں کی بے مثال تاریخ رقم کی ،قائدین حریت،مجاہدین،شہداء ،مردوزن کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں جو استقامت کے ساتھ تحریک آزادی کشمیر کو منزل سے ہمکنار کرنے کے لیے میدان عمل میں جدوجہد کررہے ہیں ،وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کشمیریوں کی بھرپور انداز سے ترجمانی کی ،نئی حکومت مختلف قوموں ایشوز پر مشاورت کا اہتمام کررہی ہے مسئلہ کشمیر پاکستان کی سالمیت،سیکورٹی اوردفاع کا مسئلہ ہے اس پر قومی مشاورت کا اہتمام کیا جائے کشمیری قیادت اور حریت کانفرنس کی قیادت سے مشاورت کا اہتمام کیا جائے ،حق خودارادیت کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر کشمیری متحد ہیں حکومت پاکستان فیصلہ کن کردار ادا کرے،ان خیالات کااظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے منصب سنبھالنے کے بعد نریندر مودی کو خط لکھ کر مذاکرات کی دعوت دی اور جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزراء خارجہ کی ملاقات بھی طے تھی ہندوستان نے اس سے راہ فرار اختیار کی جو دنیا کی نظرین کھول دینے کے لیے کافی ہے انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی جامع رپورٹ تاریخی ڈاکومنٹ ہے اس سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے بھرپور انداز سے سفارتی مہم منظم، مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی مظالم کو رکوانے کے لیے ہندوستان پر دباؤ ڈالا جائے اور تحریک آزادی کشمیر کی بھرپور پشتیبانی کا حق ادا کیا جائے ،انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ او آئی سی کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے اس کے لیے بیس کیمپ کو برؤے کار لایا جائے بیس کیمپ کے متعین رول واضح کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر غلام نبی فائی نے بین الاقوامی محاذ پر بھرپور کردار ادا کیا جس کا ہندوستان نے پروپیگنڈا کر کے برسلز اور لندن میں کشمیر سینٹرز کو بند کروادیا اگر یہ رول بیس کیمپ کا ہوتا تو زیادہ بھرپور انداز سے پیش ہوتا انہوں نے کہاکہ غازی ملت سردار ابراہیم خان نے جنرل اسمبلی میں کشمیریوں کی نمائندگی کی اسی طرح صدر ریاست سردار مسعودخان تجربہ کار ہیں ان سے استفادہ حاصل کیا جائے ،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ آئینی ترامیم کا پراسس کو آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ آزاد خطے کو باوسائل بنایا جائے تا کہ ہندوستان کو پروپیگنڈا کرنے کا موقع نہ ملے انھوں نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی پر یہ سوالیہ نشان ہے کہ ایشین پارلیمنٹ میں کشمیر کی نمائندگی مقبوضہ کشمیر کی اسمبلی کررہی ہے جس سے ہندوستان کے موقف کو تقویت مل رہی ہے بین الاقوامی سطح پر اداروں کو متحرک کرنے اور کشمیر کا زکو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ،انھوں نے کہا کہ حکومت کشمیر کمیٹی کا چیئرمین ایسے فرد کو لگایا جائے جو کشمیر کاز پر عبور اور دلچسپی رکھتاہو فارن آفس میں نائب وزیر خارجہ کا تقرر کیا جائے تا کہ روزانہ کی بنیاد پر کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ رہے ۔انھوں نے کہاکہ آج کشمیری پوری دنیا میں کشمیرپر بھارتی فوجی قبضے کے خلاف یوم سیاہ منارہے ہیں،کشمیریوں نے آزادی کے لیے لاکھوں انسان قربان کردیے ہیں اب کشمیریوں کا ایک ہی نعرہ ہے آزادی یا شہادت،ایسی قوم کو بھارت طاقت کی بنیاد پر غلام نہیں رکھ سکتا۔