{AF}
مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا،لیاقت بلوچ،ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}
مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا،لیاقت بلوچ،ڈاکٹر خالد محمود خان جماعت اسلامی 27اکتوبر کو کشمیر پر بھارتی فوجی قبضے کے خلاف تاریخی کشمیر مارچ کرے گی،اسلامی تحریک اس خطے کا مستقبل ہے ،راجہ فارو ق حیدر جماعت اسلامی سے کیے گئے وعدے اور معاہدے پورے کرے اگر ہمارے ساتھ اسی طرح عدم تعاون والا رویہ جاری رہا تو اپنے فیصلے پرنظر ثانی کریں گے اسلام آباد( پ ر)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا،جماعت اسلامی 27اکتوبر کو کشمیر پر بھارتی فوجی قبضے کے خلاف اسلام آباد میں تاریخی کشمیر مارچ کرے گی،پاکستانی قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہے جب تک صبح آزادی طلوع نہیں ہوجاتی مقبوضہ کشمیر میں تازہ لہو تحریک آزادی کشمیر کو تازہ دم رکھے ہوئے ہے کشمیریوں کا پاکیزہ لہو رائیگان نہیں جائے گا جلد یا بدیر کشمیر آزاد ہو گا اور کشمیری آزاد فضاؤں میں سانس لیں گے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے 45ویں سالانہ اراکین جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ اسلامی تحریکیں دنیا میں پیش قدمی کررہی ہیں اسلامی تحریکیں انبیاؑ کے مشن کو لے کر چل رہی ہیں بندوں کو بندوں کی غلامی سے نکال کر اﷲ کی غلامی میں دینے اور اﷲ کی دھرتی پر اﷲ کے دئیے ہوئے نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کررہی ہیں،جماعت اسلامی نے تہذیبی فکری محاذ پر کامیابیاں حاصل کیں ہیں قرارداد مقاصد کو اسلامی بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے آئین اور دستور کو اسلامی بنایا گیا ہے پاکستان کی پارلیمنٹ قرآن وسنت کے مغائر قانون ساز ی نہیں کرسکتی یہ بہت بڑی کامیابی ہے انہوں نے کہاکہ مغرب پوری کوشش کررہا ہے کہ اسلامی تحریکوں کو دبایا جائے لیکن اﷲ کا دین غالب ہو کررہے گا چاہے یہ کفار پر کتنا ہی ناگوار گزرے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انتخابات کو جس طریقے سے ہائی جیک کیا گیا اور مطلوبہ نتائج حاصل کیے گئے اس کے باوجود جماعت اسلامی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے ہم تبدیلی رائے عامہ ہموار کر کے ہی لانا چاہتے ہیں ،پاکستان میں مختلف سطحوں پر مشاورت جاری ہے آئندہ بہتر حکمت عملی بنا کر اﷲ کے دین کو قائم کرنے کی جدوجہد کریں گے ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا کہ آزاد خطے کا مستقبل اسلامی تحریک ہے ،جماعت اسلامی اﷲ کے دین کے قیام اور غلبے کی آزاد خطے میں توانا آواز ہے ،انہوں نے کہاکہ اﷲ کے راستے میں اس طرح جدوجہدکرو جس طرح جدوجہد کرنے کا حق ہے اپنی جان اور مال اس راستے میں کھپائیں تو انقلاب آئے گا انقلاب کے لیے انقلابیوں کی ضرورت ہوتی ہے جو اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر اﷲ کے اس پیغام کو عام کریں انہوں نے کہاکہ حضرت ابراہیم ؑ سے لے کر نبی پاک ؐ تک اﷲ نے ہمارا نام مسلم رکھا ہے ہر دورمیں اسلام کے ماننے والوں کو مشکلات اور مسائل کا سامنا رہا ہے لیکن اﷲ کی نصرت اور مدد اس وقت آتی ہے جب ہم اپنا سب کچھ قربان کردیں انہوں نے کہاکہ قرآن کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کریں ،سیرت النبی ؐ ،سیرت صحابہ ؓ اور سیرت صلحا کا مطالعہ کریں اﷲ کا ذکر کریں اس کے ساتھ اپنے تعلق کو جتنا مضبوط کریں گے اتنا آپ کو سکون حاصل ہو گا اور اﷲ کی مدد آئے گی ،انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے ویژن2030دیا ہے اس کی روشنی میں وارڈ کی سطح پر تنظیم کو مضبوط کیا جائے موثر لوگوں تک دعوت پہنچائی جائے ،انہوں نے کہاکہ اﷲ کی مخلوق کی سب سے بڑی خدمت یہ ہے کہ اس کو اﷲ کے در سے آشنا کیاجائے انہوں نے کہاکہ مرکزی مجلس شوریٰ کی مشاورت سے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ سیٹ ایڈجسمنٹ ہوئی تھی جس کے نتیجے میں ہمیں دو سیٹیں ملی ہیں ہمارے ممبران اسمبلی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے میں ان کو تحسین پیش کرتا ہوں ،راجہ فاروق حیدر خان جماعت اسلامی کے ساتھ کیے گئے معاہدے اور وعدے پورے کریں اگر ہمارے ساتھ اسی طرح سلوک جاری رہا تو ہم اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں گے ،انہوں نے کہاکہ تعمیراتی بجٹ زمین پر نظر آنا چاہیے لوگوں کے مسائل حل ہونے چاہیں حکومت نے عوام سے جو وعدے کیے تھے وہ پورے ہونے چاہیں ،اس موقع پر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ ویژن2030کی روشنی میں حلقہ جات اپنے اپنے حلقوں میں بھرپور انداز سے کام کو جاری رکھیں انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد اور مشن در اصل اﷲ کی رضا کا حصول ہے ہر وہ کام جس سے اﷲ راضی ہو وہ کریں اور جو اﷲ کی ناراضگی کا باعث ہو اس سے تائب رہیں اﷲ کے دیدار اور رسول ؐ کی شفاعت کے لیے اپنی جان مال اور وقت صرف کریں،اس موقع پر غلام محمد صفی،عبدالغفار عزیز،نورالباری ،راجہ فاضل حسین تبسم سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ۔