{AF}
حکومت پاکستان تحریک آزادی کشمیر کو منزل تک پہنچانے کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرے ،ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}
اسلام آباد( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان تحریک آزادی کشمیر کو منزل تک پہنچانے کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرے ،مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے نائب وزیر خارجہ کا تقرر کرے،اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹس کو بنیاد بنا کر عالمی سطح پر بھارت کے مکروہ چہرے کو دنیا میں بے نقاب کرے، اسلام کو ہر دور میں دجالی سپر پاور زکا سامنا رہا ہے ،حق اور باطل کے اس معرکے میں حق نے ہی فتح پائی ہے ،آزادکشمیر میں اصلاح احوال کے حوالے سے جماعت اسلامی کے ممبران اسمبلی نے بھرپور کردار ادا کیا لیکن ہمیں گلہ ہے کہ ہمارے ساتھ جو وعدے اور معاہدے کیے گئے تھے ان پر عمل درآمد ابھی تک نہیں ہوسکا ، آزاد خطے کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے حالات موافق ہیں ،دجالی تہذیب اول روز سے اپنے سارے وسائل کے ساتھ اسلامی تہذیب کو مٹانے کے در پے رہی ہے ،اﷲ کے نور کو پھونکوں سے بجھانا نا ممکن ہے ،برہان مظفر وانی کی شہادت سے تحریک آزادی کشمیر نے نیا رخ اختیار کیا ہے وہ آزادی کے لیے سنگ میل ثابت ہو گی ،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے 45ویں سالانہ اراکین جنرل کونسل کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اجلاس میں سابق امراء عبدالرشید ترابی،سردار اعجاز افضل خان،کنونیئر کل جماعتی حریت کانفرنس غلام محمد صفی سمیت دیگر قائدین نے شرکت کی ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا کہ میں تمام احباب کو 45ویں اراکین جنرل کونسل کے اجلاس میں شرکت پر تحسین کرتا ہوں ،اﷲ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں اسلامی تحریک سے وابستہ کیا انہوں نے کہاکہ ویژن2030کا ایک سال مکمل ہوا ہے جس میں تحریک اسلامی نے پیش رفت کی ہے ممبران میں اضافہ ،توسیع دعوت مہم بھرپور انداز سے چلی ہے جن اضلاع میں کمزور رہی وہاں توجہ دینے کی ضرورت ہے ،اﷲ کا شکر ہے کہ اﷲ نے ہمیں دین کا فہم عطا کیا اور ہمیں فریضہ اقامت دین کے لیے جدوجہد کرنے کی توفیق بخشی مشکل ترین حالات میں جماعت اسلامی کے کارکن آگے ہی بڑھتے جارہے ہیں جس پر ہمیں اﷲ کا شکر ادا کرنا چاہیے ،جماعت اسلامی کار انبیاؑ نبھا رہی ہے آغاز سے لے کر اب تک اسلام کو جو چیلنجز درپیش رہے ہیں ان سے عہد ہ برا ہونے کے لیے ہمیشہ اور ہر دور میں اﷲ والے برسرپیکار رہے ہیں ،انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی غماشتے اپنے سارے وسائل کے ساتھ اسلام کو مٹانے کی کوشش کرتے رہے لیکن اسلام کے ماننے والے ہر دور میں ان کو شکست سے دوچار کرتے رہے جس کو قرآن کا فہم اور اﷲ سے آشنائی نصیب ہوئے جائے وہ اس طرح کی پریشانیوں سے گھبراتا نہیں انہوں نے کہ اﷲ نے اپنے دین کو غالب کرنا ہے چاہے یہ مشرکوں کو کتنا ہی ناگوار گزرے ،انہون نے کہاکہ اﷲ نے جنت کے بدلنے مومنین کی زندگیاں خرید لی ہیں اور ہماری کامیابی اسی میں ہے کہ ہم اﷲ کے دین کے غلبے اور قیام کے لیے تن من دن لگا دیں انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے کارکن اس تحریک کے لیے جان مال اور وقت لگائیں ،نبی پاک ؐ نے جان مال اور وقت لگانے کا کہا تو تما م صحابہ کرام ؓ نے لبیک کہتے ہوئے اپنا سب کچھ قربان کیا آج اگر ہم اپنی جان مال اور وقت اس تحریک کے لیے لگائیں گے تو اﷲ راضی ہو گا اس کی نصرت شامل حال ہو گی اور کامیابی ہمارے قدم چومے گی انہوں نے کہاکہ خالص ایمان اور ایثار کے ساتھ ہی ہم آگے بڑھ سکتے ہیں انہوں نے کہاکہ اراکین جنرل کونسل جنرل اسمبلی ہیں مرجع خلائق ہیں جماعت اسلامی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں آپ اﷲ کے پیغام کو ایک ایک گھر اور ایک ایک فرد تک پہنچائیں ۔