{AF}
انگریزوں نے نظام تعلیم کو اپنے ہاتھ میں لے کر دین اور سیاست کی تفریق کر دی ،ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}
اسلام آباد( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ انگریزوں نے نظام تعلیم کو اپنے ہاتھ میں لے کر دین اور سیاست کی تفریق کر دی ،آزادی کے 70سال گزرنے کے باوجود ہم ذہنی طور پر غلام ہیں ،اسلامی تحریکیں اپنی بساط کے مطابق کوشش کررہی ہیں کہ سیاست اور دین کے درمیان تفریق کو مٹایا جائے ،اسلام مکمل نظام حیات ہے ،اﷲ تعالیٰ نے قرآن کے اندر انسانیت کے بارے میں فرمایا کہ یہ خسارے میں ہے لیکن وہ لوگ جو ایمان لائے اعمال صالح کیے حق کی دعوت دی اور اس راستے میں آنے والی مشکلات پر صبر کیا وہ کامیاب ہیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے مرکزجماعت اسلامی کھنہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ کامیابی کے مختلف معیارات ہیں کوئی مکان کی تعمیر کو کامیابی سمجھتا ہے اور کوئی اچھی شہرت کو کامیابی سمجھتا ہے لیکن اصل کامیابی یہ ہے کہ اﷲ کے رضا حاصل اور جنت مل جائے ،انہوں نے کہاکہ اﷲ تعالیٰ نے امت مسلمہ کو امت وسط بنا کر بھیجا ہے تا کہ رہتی دنیا تک اﷲ کے پیغام کو اﷲ کی مخلوق تک پہنچائے ،اﷲ تعالیٰ نے مومنین کی زندگیاں جنت کے بدلے میں خرید لی ہیں اس لیے مومن کی یہ شان ہے کہ وہ اپنا سب کچھ اﷲ کی راہ میں نچھاور کرتاہے ،انہوں نے کہاکہ آج امت جن مشکلات اور مصائب کا شکارہے اس کی بڑی وجہ قرآن وسنت کے دوری ہے قرآن وسنت ہمارے لیے راہ ہدایت ہے قرآن کا ایک ایک لفظ اپنے اندر معنی کی کئی سطحیں رکھتا ہے عربی زبان کو فصاحت اور بلاغت میں وہ مقام حاصل ہے جو کسی اور زبان کو حاصل نہیں ہے اﷲ تعالیٰ نے قرآن کو اسی لیے عربی زبان میں نازل فرمایا ہے قرآن کے اندر ہر فرد اپنے فہم کے مطابق غوطہ زن ہوتا ہے عام آدمی سے لے کر اعلیٰ شخصیات اور دانشور اپنے اپنے فہم کے مطابق اس سے فیض حاصل کرتے ہیں ،انہوں نے کہاکہ ہم قرآن پر غور نہیں کرتے ان کی آیات کو سمجھ کر نہیں پڑھتے ضرورت اس امر کی ہے کہ قرآن کے مطالعے کو پوری یکسوئی کے ساتھ کریں ۔