{AF}
ہندوستان نے حملے کی حماقت کی تو کشمیرہندوستانی فوج کا قبرستان بنائیں گے،ڈاکٹر خالد محمودخان{/AF}
اسلام آباد( پ ر)جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرکے امیر ڈاکٹر خالد محمودخان نے کہاہے کہ ہندوستان نے حملے کی حماقت کی تو کشمیرہندوستانی فوج کا قبرستان بنائیں گے،ہندوستان نے ہمیشہ امن کی کوششوں کو نہ صرف سبوتاژ کیا بلکہ اس کو کشمیریوں کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کیا،نریندر مودی اور ان کی حکومت نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی طرف سے امن کی کوشش کا جواب اعلان جنگ سے دیاہے،کشمیری قوم بھارت کے اس اعلان جنگ کے چیلنج کو قبول کرتی ہے ،پوری قوم یک جان اور یک زبان ہوکر نہ صرف مقابلہ کرے گی بلکہ کشمیر آزاد کروائے گی،وزیرا عظم آزاد کشمیر جماعت اسلامی سے کیے گئے وعدے پورے کریں،وفاقی حکومت کی طر ف سے بیس کیمپ میں مداخلت کرکے تبدیلی لانے کی کسی بھی صورت کو غیر جمہوری اورناپسندیدہ عمل سمجھاجائے گا،ان خیالات کااظہارانھوں نے جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر سابق امراء عبدالرشید ترابی،سردار اعجاز افضل خان،نائب امراء نورالباری،شیخ عقیل الرحمان،مشتا ق ایڈدوکیٹ،ارشد ندیم ایڈووکیٹ،سیکرٹری جنرل راجہ فاضل تبسم،ڈپٹی سیکرٹری جنرل آفتاب عالم ایڈووکیٹ اور دیگر قائدین نے خطاب کیا ،اس موقع پر سابق کام کا جائزہ لیاگیاو رآئندہ کے اہداف کے حصول کے لیے اقدامات تجویز کیے گئے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود نے کہاکہ قرآن پاک ،سیر ت رسول ﷺ وصحابہ کا مطالعہ جماعت اسلامی کے کارکن کاہتھیار ہے جس سے لیس ہوکرجماعت اسلامی کے کارکن وثرن 2030ء کی روشنی میں اپنی جان مال اور وقت لگائیں تاکہ آزاد خطے میں ماڈل اسلامی ریاست کاخواب پورا ہوسکے،،اجلاس سے ڈاکٹر خالد محمود نے کہاکہ آزاد کشمیرمیں پاور جنریشن کے منصوبوں کے حوالے سے حکومت آزاد کشمیروفاقی حکومت اور واپڈاسے معاہدہ کرے،حکومت پاکستان اور واپڈا کی ذمہ داری ہے کہ وہ آزا د خطے کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلانے کے ساتھ ساتھ کشمیریوں کو رائلٹی دے تاکہ آزاد خطہ خود کفالت کی راہ پر گامزن کیا ہوسکے،متاثرین زلزلہ کے فنڈزجو سابقہ دور میں منتقل کردیے گئے تھے ان کو واپس کردیا جائے تاکہ زیر کار منصوبوں کی تکمیل ہوسکے ،اس موقع پر انھوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی اور سیاسی حقوق اس خطے کی خصوصی حیثیت متاثرکیے بغیر صوبوں سے زیادہ دیے جائیں،مہاجرین مقیم پاکستان مسئلہ کشمیرکے سفیر بن کر اپنا کردارا دا کریں،جماعت اسلامی کے کارکن مہاجرین کے مسائل کے ترجمان بنیں،امیر جماعت نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ دعوت کے کلچر کوعام کریں،نسل نو کو بے مقصدیت سے نجات دلاکر بامقصدیت کی طرف لائیں،مغربی تہذیبی یلغار کا مقابلہ اسلامی تہذیب اپناکرکریں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا کہ حکومت بلدیاتی انتخاب کے انعقاد کو یقینی بنائے اور جماعت اسلامی کے کارکن بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیار کریں جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے گی۔