{AF}
مقبوضہ کشمیر میں مسلمہ حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کرنے والے نوجوانوں کے خلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی میں روز افزوں اضافہ تشویش ناک ہے ،نورالباری {/AF}
اسلام آباد(پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیر و امیر حلقہ مہاجرین پاکستان نورالباری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمہ حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کرنے والے نوجوانوں کے خلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی میں روز افزوں اضافہ تشویش ناک ہے ،بانڈری پورہ میں ہونے والے واقعے میں بھارتی فوجیوں نے نوجوانوں کے خلاف کیمیائی ہتھیار استعمال کیے ہیں جو باعث تشویش ہیں ،اقوام متحدہ عالمی برادری انسانی حقوق کے ادارے ان کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا نوٹس لیں ،او آئی سی ،یورپی یونین ،اقوام متحدہ میں انسانی حقو ق کمیشن مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالیوں کے حقائق دنیا کے سامنے لانے کے لیے فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،نورالباری نے کہاکہ ہندوستان کے خلاف انسانی حقوق کی خلا ف ورزیاں کرنے پر کارروائی عمل میں لائی جائے اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا مسلمہ حق حق خودارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے ،انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیر پر قومی پالیسی تشکیل دے اس مقصد کے لیے ایک ٹاسک فورس قائم کی جائے جس میں پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ سے باہر سیاسی اور مذہبی جماعتیں حریت لیڈرز اور آزادکشمیر کی سیاسی اور دینی جماعتوں کو شامل کیا جائے اور ان کی مشاورت سے پالیسی تشکیل دی جائے اور لائحہ عمل طے کیا جائے انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی نئی حکومت سے کشمیریوں کی توقعات وابستہ ہیں نئی حکومت روایتی طرز عمل کے بجائے فعال اور موثر حکمت عملی اختیار کرے اور مسئلہ کشمیر کو ترجیح اول بنائے ۔