{AF}
اسلامی تاریخ میں مدینے کی ریاست کے بعد پاکستان وہ واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر لازوال قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا، عبدالرشید ترابی{/AF}
باغ،ڈھل قاضیاں( پ ر) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ اسلامی تاریخ میں مدینے کی ریاست کے بعد پاکستان وہ واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر لازوال قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا،پوری قوم اور پاک فوج مل کر مملکت کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کریں،1965میں پاک فوج کے بہادر جوان مقبوضہ کشمیر میں داخل ہوچکے تھے ہندوستان نے کشمیرکو ہاتھ سے جاتا دیکھ کر پاکستان پر حملہ کیا اور بدترین شکست کھائی،پاک فوج کے جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے مملکت خداداد پاکستان کی حفاظت کی ،آج پھر اس عہد کی تجدید کرنی ہے کہ ہم مل کر اس کی حفاظت کریں گے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے یوم دفاع پاکستا ن کے حوالے سے گورنمنٹ ہائی سکول ڈھل قاضیاں کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صدر معلم سردار عبدالحمید سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے اندر جو اس وقت تحریک برپا ہے وہ تحریک تکمیل پاکستان کا ہی تسلسل ہے کشمیری تحریک پاکستان کی تکمیل کی جنگ لڑرہے ہیں مقبوضہ کشمیر کے اندر نوجوان شہادت سے قبل یہ وصیت کرتے ہیں کہ ان کو شہادت کے بعد پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر سپر د خاک کیا جائے ہندوستان نے 1947ء سے لے کر اب تک تاریخ کے بدترین استعماروں کے ریکارڈ توڑ دیئے ظلم کا ہر حربہ آزمایا لیکن کشمیریوں کے جذبہ آزادی اور پاکستان سے محبت کے جذبے کو کچل نہ سکے ،نریندر مودی نے خطرناک سازش تیار کرتے ہوئے مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی حکمت عملی تیار کی ہے 35Aکاخاتمہ اس کا ایک مرحلہ ہے نریند ر مودی نے کشمیر میں اسرائیل طرز کی ہندوبستیاں بسانے کی خطرناک سازش شروع کر رکھی ہے اگرچہ کشمیری اس سازش کے خلاف بھی ڈٹے ہوئے ہیں جموں کے وکلاء لداخ کے عوام اور وادی میں مشترکہ طور پر اس سازش کو ناکام بنانے کا عزم کیا ہے لیکن کشمیری بجا طور پر پاکستان سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ وکیل اور فریق کی حیثیت سے فیصلہ کن کردار ادا کرے کشمیر محض بیانات سے آزاد نہیں ہو گا اس کے لیے ٹھوس پالیسی اور جامع حکمت عملی تشکیل دینا ہو گی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے صدر معلم کو خراج تحسین پیش کیا کہ انہوں نے نسل نو کو تحریک پاکستان اور دفاع پاکستان سے آگاہ کیا اس طرح کی تقریبات تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکولزاور کالجز میں کی جائیں تا کہ نوجوان نسل کو اپنی تاریخ سے جوڑا جائے اپنے ہیروز کے کارنامے ان کو بتائے جائیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسلامی ہیرو اور تحریک آزادی کشمیر کو نصاب کا حصہ ہونا چاہیے دریں اثناء وفود سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ اسمبلی کے اندر اور اسمبلی کے باہر عوامی مسائل کی ترجمانی کروں تحریک آزادی کشمیر کی نمائندگی کروں کوئی موقع ایسانہیں کہ میں نے عوام کی ترجمانی اور کشمیریوں کی نمائندگی نہ کی ہو زندگی کی آخری سانس تک اسلام کی سربلندی،عوام کی ترجمانی اور کشمیریوں کی نمائندگی کرتا رہوں گا ۔