{AF}
وزیر اعظم پاکستان عمران خان اقوام متحدہ میں خود جا کر کشمیر اور پاکستان کا مقدمہ پیش کریں،عبدالرشیدترابی {/AF}
باغ( پ ر) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشیدترابی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اقوام متحدہ میں خود جا کر کشمیر اور پاکستان کا مقدمہ پیش کریں اس وقت دنیا اور اس کے قائدین عمران خان کی بات سننا اور اس پر توجہ دینا چاہتے ہیں اس موقع کو ضائع نہ کیا جائے ،سید خادم حسین شہید نے مراعات اور مفادات سے بالات تر ہو کر عظیم مقصد کی خاطر قربانی دی ان کو کہا گیا کہ پاکستان مردہ باد کا نعرہ لگائیں تو آپ کی جان بخشی ہوسکتی ہے لیکن سید خادم حسین شہید نے پاکستان زندہ باد اور اﷲ کی کبرائی کا نعرہ لگایا ،مقبوضہ کشمیر میں جو اس وقت انقلاب برپا ہے وہ ان ہی شہداء کا تسلسل ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے سید خادم حسین شہید کی برسی کے موقع پر صدارتی خطبہ دیتے ہوئے کیا ،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ 1947ء میں نظریہ پاکستان سے وابستہ ہو کر پوری قوم نے قربانیاں دیں اور 1965میں پاک فوج نے جو معرکہ لڑا اس میں بھی نظریہ پاکستان کا تحفظ تھا پاک فوج اور قوم نظریہ پاکستان سے وابستہ رہ کر ہی بڑی طاقت بنی ہے ،نظریہ پاکستان سے وابستگی استوار رکھنے سے فوج اور ملک مضبوط ہو گا ،یہ ضرورت ہے کہ نظریہ پاکستان کا تحفظ کیا جائے شیخ عبداﷲ نے 1947ء میں غلط فیصلہ کیا تاریخ نے ثابت کیا کہ اس نے مسلمانوں سے غداری کی ،شیخ عبداﷲ نے ہندوستان سے مل کر مسلم کانفرنس کے قائدین کو ہجرت پر مجبور کردیا اور یہ سمجھ بیٹھا کہ اب یہاں ان کے لیے کوئی بڑا چیلنج نہیں ہے لیکن میں سلام پیش کرتا ہوں جماعت اسلامی اور سید علی گیلانی کو انہوں نے نظریہ پاکستان کا علمبردار بن کر شیخ عبداﷲ کو چیلنج کیا اور اس نظریے کو زندہ رکھا آج جو انقلاب مقبوضہ کشمیر میں برپا ہے اس میں جماعت اسلامی اورسید علی گیلانی کا کردار اسی تسلسل کا حصہ ہے ،ہم سید خادم حسین شہید سمیت 1947ء کے سارے شہداء اور آج تک شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،مقبول بٹ ہو یا دیگر قائدین تحریک آزادی میں ان کے کردار کو نفی نہیں کیا جاسکتا وہ سب امت مسلمہ کے ماتھے کا جھومر ہیں انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے اپنے حصے کا کام کرلیا ہے اور ان کا گلہ ہے کہ پاکستان اور آزادکشمیر کی حکومتیں کماحقہ کردار ادا نہیں کرپا رہیں یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس تحریک کو منزل تک پہنچائیں انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے اپنی تقریر ،وزیر خارجہ نے بھی کشمیر پر بات کی ہے جو حوصلہ افزا ہے لیکن کشمیر محض ایک بیان سے آزاد نہیں ہو گا بلکہ اس کے لیے ٹھوس حکمت عملی اور جامع پالیسی مرتب کرنا ہو گی ،نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی نے بھی جنرل اسمبلی میں بھرپور نمائندگی کی لیکن ان سب تقریروں کے اثرات ا س وقت سفارتی سطح پر مرتب ہوں گے جب ہم اس کا فالو اپ کرتے ہوئے ٹھوس حکمت عملی اپنائیں گے انہوں نے کہاکہ بیس کیمپ کی حکومت بھی اپنا کردار ادا کرے 13وی آئینی ترامیم خوش آئند ہے اس میں جو سقم ہے تو اسمبلی با اختیار ہے اس کو دور کرسکتی ہے انہوں نے کہاکہ ہمارے ہیرو اور تحریک آزادی کشمیر کو نصاب کا حصہ ہونا چاہیے پاکستان اور آزادکشمیر میں اس کو نصاب سازی کا حصہ بنایا جائے تا کہ نسل نو کو اپنے ہیرو اور تحریک آزادی کشمیر سے آگہی ہو ۔