{AF}
آزاد خطے کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے،نورالباری{/AF}
اسلام آباد( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے قائمقام امیر نورالباری نے کہا ہے کہ آزاد خطے کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے،آزاد خطے سے 2500میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے اور آزادکشمیر کو صرف 350میگا واٹ بجلی کی ضرورت ہے 12,12گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے اس خطے کے لوگوں کو بچایا جائے ،مظفرآباد نوسیری منصوبے کی وجہ مسائل کا شکار ہو جائے دریا نیلم کا رخ موڑنے کی وجہ سے دریا نیلم نالہ لئی کی شکل اختیار کر جائے گا اور یہاں وبائیں پھیلیں گی اس کے تدار ک کے لیے بھی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ،منصوبے کے مطابق جھیلیں تعمیر کی جائیں تا کہ مالیاتی آلودگی اور پانی کے مسائل پیدا نہ ہوں ان خیالات کااظہار انہوں نے مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر نائب امراء شیخ عقیل الرحمان، راجہ جہانگیر خان،سیکرٹری جنرل راجہ فاضل تبسم سمیت دیگر قائدین نے گفتگو کی ،اجلاس میں سابقہ کام کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے اہداف طے کیے گئے ،اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے نورالباری نے کہاکہ نیلم جہلم ہائیڈرل پراجیکٹ کے حوالے سے حکومت پاکستان اور واپڈا سے معاہدہ کیا جائے رائیلٹی کے حصول کا اہتمام کیا جائے ،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیر کی آزادی اور بیس کیمپ کی خوشخالی کے لیے اپنے اہداف کے مطابق پیش قدمی کررہی ہے جماعت اسلامی کے ہر سطح کے ذمہ داران اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اﷲ کا یہ پیغام ایک ایک فرد اور ایک ایک گھر تک پہنچائیں ہمارے مسائل کا حل قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ میں مضمر ہے یہ خطہ ہمارے اسلاف نے اسلام کے لیے آزاد کروایا تھا جماعت اسلامی شہداء کے مشن کی تکمیل کے لیے جدوجہدکررہی ہے ۔